Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میڈیکل ٹیسٹ میں نقل کے لیے ڈھائی ارب روپے استعمال ہوئے، فیروز جمال

نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز نے بتایا کہ بھتہ خوری روکنے کے لیے الگ ونگ قائم کیا گیا ہے (فائل فوٹو: ڈی جی آئی پی آر)
خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراطلاعات بیرسٹر فیروز جمال نے کہا ہے کہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ کے لیے طالب علموں سے نقل کے لیے بڑے پیمانے پر رقوم وصول کی گئیں۔
نگراں وزیراطلاعات بیرسٹر فیروز جمال نے اُردو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ سکینڈل میں ایک طالب علم سے 35 لاکھ روپے کے حساب سے رقم وصول کر کے بلیو ٹوتھ ڈیوائسز فروخت ہوئیں۔‘
یاد رہے کہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے 10 ستمبر کو انٹری ٹیسٹ منعقد ہوئے تھے جس میں نقل کے لیے بلیو ٹوتھ ڈیوائس استعمال کرنے والے 200 سے زائد طلبہ و طالبات پکڑے گئے۔
پولیس کے مطابق ایم ڈی کیٹ سکینڈل میں اب تک پانچ ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں تاہم مزید انکوائری بھی جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’اڑھائی ارب روپے سے زائد روپے اس سکینڈل میں لیے گئے ہیں۔ اب تک 400 افراد کی نشاندہی ہو چکی ہے جبکہ اطلاعات کے مطابق 800 افراد اس میں ملوث تھے۔‘
وزیر انفارمیشن فیروز جمال کے مطابق ٹیسٹنگ کے اس نظام کا از سرنو جائزہ لینا ہو گا اور جہاں غلطی ہو، اسے درست کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ایم ڈی کیٹ میں پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی بڑے پیمانے پر گھپلے ہو رہے ہیں۔ ایم ڈی کیٹ سکینڈل میں ملوث افراد کو عبرت ناک سزا دی جائے گی۔‘ 
انہوں نے بتایا کہ ’صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے الیکشن کی تاریخ جب بھی ملے ہم تیاری کریں گے۔‘  

بھتہ خوری کے تدارک کے لیے خصوصی ونگ

نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں بھتہ خوری کے واقعات کی تفتیش کے لیے الگ ونگ قائم کیا گیا ہے جو جدید طریقوں سے نامعلوم فون کالز کو ٹریس کرے گا۔
انہوں نے اپنے موقف میں کہا غیر استعمال شدہ یا کبھی کبھار استعمال ہونے والے سِمز بلاک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے بھتہ خوروں کے اہم گینگ تک رسائی حاصل ہونے کا دعویٰ بھی کیا۔

’افغان مہاجرین کے خلاف کریک ڈاؤن‘

بیرسٹر فیروز کا کہنا تھا کہ ’کسی کو بھی غیرقانونی طریقے سے رہائش کی اجازت نہیں۔ اس لیے غیر رجسٹرڈ افغان باشندوں کی جانچ پڑتال کے بعد ڈی پورٹ کیا جا رہا ہے جبکہ طورخم بارڈر پر غیرقانونی شہریوں کی آمدورفت پر کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔‘
انہوں نے ڈالر سمگلنگ سے متعلق بتایا کہ حوالہ ہنڈی اور غیرقانونی کرنسی کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا گیا ہے۔ اسی وجہ سے ڈالر کی قیمت میں استحکام آیا ہے۔ سونا سمگلرز کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔

’صوبے میں امن کی صورتحال بہتر ہے‘

بیرسٹر فیروز جمال کے مطابق صوبے میں امن و امان کی صورتحال پہلے سے بہتر ہے الیکشن کمیشن جب بھی تاریخ دے گا، ہم انتخابات کے لیے تیاری کریں گے۔ 

شیئر: