امریکہ حقیقی معنوں میں ’جھوٹ کی سلطنت‘ ہے: چینی وزارت خارجہ
امریکہ حقیقی معنوں میں ’جھوٹ کی سلطنت‘ ہے: چینی وزارت خارجہ
ہفتہ 30 ستمبر 2023 18:48
امریکی محکمہ خارجہ نے یہ تفصیلی رپورٹ کانگریس کے مینڈیٹ کے تحت تیار کی۔ (فوٹو: روئٹرز)
چین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ حقیقی معنوں میں ’جھوٹ کی سلطنت‘ ہے۔
سنیچر کو چینی وزارت خارجہ کا یہ سخت ردعمل امریکی محکمہ خارجہ کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا جس میں بیجنگ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ معلومات کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوششوں کے لیے سالانہ اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے جمعرات کو جاری ہونے والی اپنی رپورٹ میں کہا کہ چین سنسر شپ، ڈیٹا جمع کرنے (منفی انداز میں) اور غیرملکی خبر رساں اداروں کی خفیہ خریداری کے ذریعے عالمی میڈیا کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مہم کے لیے وقف کردہ بے مثال وسائل کے باوجود چین کی جمہوری ممالک کو نشانہ بنانے کی کوششوں کو مقامی میڈیا اور سول سوسائٹی کی جانب سے ’بڑے دھچکے‘ لگے۔
یہ تفصیلی رپورٹ کانگریس کے مینڈیٹ کے تحت تیار کی گئی تھی۔
چین کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ رپورٹ میں حقائق کو نظر انداز کیا گیا ہے اور یہ خود جھوٹ پر مبنی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق ’امریکی محکمہ خارجہ کی وہ ایجنسیاں جنہوں نے یہ رپورٹ تیار کی تھی، غلط معلومات کا ذریعہ اور ہر طرح کی جنگ کی کمانڈ پوسٹ تھی۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’حقائق نے بارہا یہ ثابت کیا ہے کہ امریکہ حقیقی معنوں میں ’جھوٹ کی سلطنت‘ ہے۔‘
قبل ازیں امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ کے حوالے سے واشنگٹن میں چین کے سفارت خانے کے ترجمان لیو پینگیو نے کہا تھا کہ یہ رپورٹ نظریاتی تصادم کو بڑھانے اور چین کی ملکی اور خارجہ پالیسیوں کو بدنام کرنے کی کوشش ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’سرد جنگ کی ذہنیت کے ساتھ لکھی گئی یہ رپورٹ چین کو دبانے اور امریکی بالادستی کو مضبوط کرنے کا ایک اور ذریعہ ہے۔ چین اس طرح کے اقدامات کے سخت خلاف ہے۔‘
واضح رہے یہ امریکی رپورٹ حالیہ برسوں میں چین کی جانب سے حکومت کے زیرِکنٹرول میڈیا کے عالمی سطح پر قدم بڑھانے کی کوششوں پر تنازع کے درمیان سامنے آئی ہے۔ بیجنگ اپنے منفی تاثر کے سدباب کی کوششیں کر رہا ہے جو اس کے خیال میں عالمی میڈیا کا پروپیگنڈا ہے۔