سعودی فالکنز کلب کی ریاض میں پانچویں بین الاقوامی نمائش
سعودی فالکنز کلب کی ریاض میں پانچویں بین الاقوامی نمائش
ہفتہ 30 ستمبر 2023 19:23
نمائش کا مقصد ثقافتتی ورثے کی روایت کو آئندہ نسلوں تک محفوظ رکھا جانا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی فالکنز کلب ثقافتی اور تفریحی پروگرام کے تحت پانچویں سعودی بین الاقوامی فالکن اور شکار کی 10 روزہ نمائش کی میزبانی کی تیاری کر رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض کے شمال میں سعودی فالکنز کلب کے ہیڈکوارٹر الملہم کے علاقے میں 5 سے 14 اکتوبر تک منعقد ہونے والی نمائش میں شکار کا قدیم کھیل بھی دکھایا جائے گا۔
اس نمائش میں سعودی فالکنز کے تحفظ اور اس خوبصورت پرندے کی افزائش نسل کے لیے تنظیم کی ذمہ داریوں کو اجاگر کیا جائے گا۔
اس نمائش کا مقصد قدیم کھیل میں دلچسپی رکھنے والے شائقین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فالکنری کے میدان میں ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو آگے بڑھانا ہے۔
سعودی فالکنز کلب خاص طور پر نایاب پرندوں کی افزائش اور دیکھ بھال میں رہنمائی کے لیے پرعزم ہے۔
اس کا مقصد ثقافتی اور اقتصادی منظر نامے میں حصہ ڈالتے ہوئے ماحولیاتی بیداری کو فروغ دینا بھی ہے۔
مملکت میں اس روایت کو زندہ رکھنے کے لیے کلب کی جانب سے منعقدہ نمائش میں فالکنز کی ثقافت میں دلچسپی کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے جبکہ اس کے تحفظ کے طریقوں کی نمائش بھی ہوگی۔
تقریب میں حصہ لینے والے سیاحوں اور مقامی باشندوں کو نایاب پرندے کی مختلف ادوار میں پرورش اور حفاظت کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔
نمائش کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ثقافتتی ورثے میں اس روایت کو زندہ رکھتے ہوئے آنے والی نسلوں تک محفوظ رکھا جائے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں