Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیبیا اور اٹلی کے مابین 10 سال بعد پروازوں کا دوبارہ آغاز

ہفتہ واری دو فلائٹس لیبیا اور اٹلی کے کے درمیان راؤنڈ ٹرپ پرواز کریں گی۔ فوٹو عرب نیوز
لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اٹلی اور جنگ زدہ لیبیا نے ایک دہائی قبل سے بند تجارتی پروازوں کا سلسلہ ہفتے کے روز سےدوبارہ شروع کر دی ہیں۔
امریکہ کی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق لیبیا کی ائیرلائنز میڈ سکائی ایئرویز کی پرواز MT522 لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے روم کے لیونارڈو ڈا ونچی-فیومیسینو ائیرپورٹ کے لیے روانہ ہوئی۔

میڈ سکائی کی پرواز MT522 طرابلس سے روم کے لیے روانہ ہوئی۔ فوٹو ٹوئٹر

طرابلس ائیرپورٹ حکام کے مطابق میڈ سکائی ایئرویز کی کمرشل فلائٹ اسی دن روم سے واپس طرابلس اترے گی۔
ائیرپورٹ انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ ہفتہ واری دو فلائٹس سنیچر اور بدھ کو لیبیا اور اٹلی کے دارالحکومت کے درمیان راؤنڈ ٹرپ پرواز کریں گی۔
طرابلس میں وزیراعظم عبدالحمید الدبیبہ کی حکومت نے دوبارہ شروع ہونے والی پروازوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس سے متعلق تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہیں اور مسافروں کو فلائٹ میں سوار ہوتے اور اہلکاروں کو جشن مناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
شمالی افریقہ میں تیل کی دولت سے مالا مال ملک لیبیا میں 2011 میں معمر قذافی کی ہلاکت کے بعد افراتفری کے باعث اٹلی اور دیگر مغربی ممالک نے لیبیا سے پروازوں پر پابندی عائد کر دی  تھی۔

اٹلی نے لیبیا کی سول ایوی ایشن پر پابندی جولائی میں ہٹا دی تھی۔ فوٹو الشرق الاوسط

لیبیا میں معمر قذاقی کی حکومت کے خاتمے کے بعد یہاں پھیلنے والی بدامنی سے ملک مشرق اور مغرب میں حریف انتظامیہ میں بٹ گیا اور دونوں گروپوں کو مسلح ملیشیا اور غیر ملکی حکومتوں کی حمایت حاصل رہی۔
اس تمام عرصہ میں لیبیا سے غیر ملکی پروازوں کا محدود سلسلہ جن ممالک کے ساتھ جاری رہا ان میں پڑوسی ملک مصر اور تیونس  کے علاوہ مشرق وسطیٰ کے ممالک میں اردن شامل تھے۔
اٹلی کی وزیراعظم جیورجیا میلونی کی حکومت نے رواں سال جولائی میں لیبیا میں سول ایوی ایشن پر اٹلی کی دس سالہ پابندی ہٹا دی تھی جس کے بعد اٹلی اور لیبیا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کی ایک ایئرلائن کمپنی دارالحکومتوں کے درمیان پروازوں کا آغاز کرے گی۔

شیئر: