Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودیہ ایئر لائن کی نئی شناخت، ’ظاہری ہی نہیں بلکہ نقطہ نظر میں بڑی تبدیلی‘

سعودیہ ایئر لائن نے نئے لوگو کے ساتھ نئی سروسز بھی متعارف کروائی ہیں۔ فوٹو: عرب نیوز
سعودی عرب کی ایئر لائن نے اپنی شناخت کو ایک نئے انداز میں پیش کیا ہے جس کے متعلق عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ صرف ظاہری تبدیلی نہیں بلکہ کمپنی کے نقطہ نظر میں ایک بڑی تبدیلی کا نتیجہ ہے جو ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی۔
سعودیہ ایئر لائن کے چیف مارکیٹنگ افسر خالد طاش نے عرب نیوز کو بتایا کہ نیا لوگو کمپنی کی ڈیجیٹل ترقی اور نئی سروسز کی فراہمی میں عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی کو ایک نئے انداز میں پیش کرنا اس اہمیت کو اجاگر کرتا ہے کہ ہم جدید ٹیکنالوجی کو قبول کرتے ہیں جو سعودی عرب کے وسیع تر عزائم کی عکاسی بھی کرتا ہے۔
خالد طاش نے کہا ’یہ لوگو بدلنے یا رنگ تبدیل کرنے کی بات نہیں ہے بلکہ سروسز کی فراہمی کو بہتر بنانے اور نئی پراڈکٹس متعارف کرنے سے متعلق ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر مارکیٹ سے بھی اچھا ردعمل دیکھنے کو ملا ہے۔
چیف مارکیٹنگ افسر خالد طاش نے کہا کہ سعودیہ ایئر لائن کا شمار یورپ، مشرق وسطیٰ اور افریقہ کی ان ایئرلائنز میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے صارفین کے لیے مصنوعی ذہانت کو متعارف کرانے میں پہل کی۔
اس حوالے سے انہوں نے وضاحت کی کہ ’ٹریول کمپینیئن‘ مصنوعی ذہانت سے چلنے والا چیٹ بوٹ ہے جو سفر سے متعلق تمام ضروریات کی فراہمی کا ایک ذریعہ ہے۔
’جب صارفین سعودیہ ایپ تک رسائی حاصل کرتے ہیں تو یہ بغیر کوئی ڈیٹا مانگے خود ہی ان کی شناخت کر لیتی ہے اور سفر سے متعلق تمام سوالات میں فوری مدد فراہم کرتی ہے۔‘
ٹریول کمپینیئن کی مزید صلاحیتوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ صارفین اس سے چھٹیاں گزارنے سے متعلق بھی مشورہ کر سکتے ہیں جو بات چیت کر کے پہلے ان کی ترجیحات جاننے کی کوشش کرے گا اور پھر اپنی تجاویز پیش کرے گا۔

سعودیہ ایئر لائن نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے تحت تبدیلیاں متعارف کروائیں۔ فوٹو: عرب نیوز

اس کے علاوہ صارفین ٹریول کمپینیئن سے بات چیت کرتے ہوئے اپنی فلائٹ بھی بک کروا سکتے ہیں۔
مصنوعی ذہانت سے چلنے والا یہ چیٹ بوٹ رواں سال کے آخر میں لانچ کیا جائے گا۔  
’ڈیجیٹل تبدیلی کا ذکر ہم صرف الفاظ کی حد تک ہی نہیں کر رہے بلکہ نئے طریقوں سے صارفین کے تجربے کو بہتر کرنا چاہتے ہیں۔‘
ایئرلائن نے ’وی آئی پی میٹ اینڈ گریٹ‘ سروس بھی لانچ کی ہے جس سے آمدنی میں دس فیصد اضافے کی توقع ہے۔
عرب ثقافت سے مطابقت رکھتے ہوئے ایئر لائن نے خواتین مسافروں کے لیے ایک مخصوص آپشن متعارف کروائی ہے جس کے تحت وہ خواتین مسافروں کے ساتھ بیٹھنے کی درخواست کر سکتی ہیں۔
خالد طاش نے کہا کہ مملکت کے سیاحت کے شعبے میں بے مثال ترقی بھی ایئر لائن کے لیے مفید ثابت ہو رہی ہے۔
انہوں نے اس حقیقت کا خاص طور پر ذکر کیا کہ سعودیہ پہلی ایئرلائن ہے جس نے بحیرہ احمر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے تک آپریشن شروع کیا تھا۔
خالد طاش نے انکشاف کیا کہ ایئر لائن کا اگلے سات سالوں میں اپنے مسافروں کی تعداد کو تین گنا سے زیادہ کرنے کا ہدف ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تاریخی طور پر ایئر لائن کا مقصد مملکت کے شہریوں کو دنیا سے جوڑنا تھا لیکن موجودہ ہدف دنیا کو سعودی عرب لانا ہے۔

شیئر: