Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ٹیم کی خاطر تواضع: ’روز حیدرآبادی بریانی کھا رہے ہیں، سست بھی ہو رہے ہیں‘

پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت حیدرآباد میں موجود ہے جہاں اس نے ورلڈ کپ کے پہلے دو میچ کھیلنے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کے لیے انڈیا کے شہر حیدرآباد دکن میں موجود ہے جہاں وہ دو میچز کھیلے گی۔
پاکستانی ٹیم جب دبئی سے حیدرآباد دکن پہنچی تو ایئرپورٹ پر اور ہوٹل میں بھی گرین شرٹس کا بھرپور استقبال کیا گیا۔
حیدرآباد میں جہاں نہ صرف پاکستانی ٹیم کی باقی ضرورتوں کا بھرپور خیال رکھا گیا وہیں ٹیم کی خاطر تواضع بھی لذیز کھانوں سے کی جا رہی ہے جس میں حیدر آباد کی بریانی سرفہرست ہے۔
اسی سلسلے میں پاکستان کے نائب کپتان شاداب خان نے بھی دلچسپ انکشاف کیا کہ ٹیم روزانہ حیدر آبادی بریانی کھاتی ہے۔
منگل کو راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ کے بعد جب معروف کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے شاداب خان سے سوال کیا کہ ’اچھا یہ بتائیں ہمارے حیدرآباد کی بریانی کھائی کہ نہیں آپ نے؟‘
اس پر شاداب خان نے مزاحیہ انداز میں کہا ’ہم تو روز ہی کھا رہے ہیں، مجھے لگتا ہے اس کی وجہ سے ہم تھوڑا سست بھی ہو رہے ہیں۔‘
 
اس سے قبل انڈین میڈیا نے یہ انکشاف کیا تھا کہ پاکستان ٹیم کو ہوٹل میں بیف میسر نہیں ہوگا جبکہ کھلاڑیوں کے مینیو میں چکن، مٹن اور مچھلی کو بطور پروٹین شامل کیا گیا ہے۔
اسی طرح ٹیم کے ڈائٹ چارٹ میں گرلڈ لیمب چوپس، مٹن کری، بٹر چکن اور گرلڈ فِش بھی شامل ہوگی۔
اس کے علاوہ پاکستانی کھلاڑیوں نے ہوٹل انتظامیہ سے باسمتی چاول، بولونیز سوس میں بنی ہوئی سپیگیٹی اور سبزی والے پلاؤ کی فرمائش بھی کی ہے۔
پاکستان ٹیم حیدرآباد میں 10 اکتوبر تک قیام کرے گی۔
گرین شرٹس اپنے ورلڈ کپ کے سفر کا باقاعدہ آغاز 6 اکتوبر کو ںیدرلینڈرز کے خلاف میچ سے کرے گی جبکہ اس کا دوسرا میچ 10 اکتوبر کو حیدرآباد ہی میں سری لنکا کے خلاف شیڈول ہے۔

شیئر: