Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا فٹ بال ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کی دوڑ میں شامل ہونے کا اعلان

مملکت نے کئی شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی جن میں اسپورٹس شامل ہے (فوٹو: الاخباریہ)
سعودی عرب نے فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کے لیے خواہش کا اظہار کیا ہے۔
 ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے اس امر کی تصدیق کی گئی ہے کہ سعودی عرب سال  2034 کے ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے کا خواہاں ہے۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس حوالے سے کہا کہ ’میزبانی کا ارادہ اس امر کی واضح دلیل ہے کہ مملکت نے ہمیشہ دنیا میں امن و محبت کے پیغام کوپھیلایا ہے۔‘ 
’ امن وسلامتی کے پیغام کو پھیلانے کے لیے کھیل اس کے سب سے اہم اورنمایاں پہلوؤں میں سے ایک ہے کیونکہ اس کے ذریعے مختلف نسلوں اورثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو آپس میں ملنے کا موقع ملتا ہے۔‘
مملکت نے بہت سے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جن میں سپورٹس شامل ہے۔
سعودی عرب اپنے شاندار ثقافتی ورثے، معاشی طاقت اور اپنے عوام کے عزائم کی بدولت بڑے ایونٹس کی میزبانی کےلیے ایک معروف مرکز اور بین الاقوامی منزل کے طور پر تیزی سے ابھرا ہے۔
واضح رہے مملکت نے 2018 سے سپورٹس پرخصوصی توجہ دی ہے۔ اب تک 50 سے زائد انٹرنیشنل ایونٹس کی میزبانی کے فرائض بھی انجام دیے جن میں فٹبال، گالف، ڈیجیٹل اسپورٹس، ٹینس، گھڑ سواری و دیگر سپورٹس ایونٹ شامل ہیں جن کی عالمی سطح پرمملکت نے میزبانی کی۔  
ورلڈ کپ کے حوالے سے میزبانی کرنے کے ارادے کا اعلان اس وقت کیا گیا جب مملکت کی جانب سے چھ مقابلوں میں شرکت کی گئی جن میں آخری مقابلہ 2022 کا تھا۔ 
اس موقع پر سعودی وزیر سپورٹس اورسعودی اولمپک اور پیرا اولمپک کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے کہا ’گزشتہ برسوں کے دوران سعودی قیادت کی جانب سے غیرمعمولی دلچسپی اور ہدایات کی روشنی میں مملکت نے عالمی سطح پرنمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ سپورٹس کے شعبے میں اس کی بھرپورعکاسی ہوتی ہے‘۔ 
انہوں نے مزید کہا ’یہ اعلان بہت اہم پیش قدمی ہے خاص کر ایسے ملک کی جانب سے جو فٹبال سے کافی قربت رکھتا ہے۔‘
سعودی وزیر سپورٹس کا کہنا تھا ’ مملکت کی جانب سے ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کی خواہش کا اظہار دنیا کوایک بے مثال تجربے سے روشناس کرانا ہے۔

سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں عالمی سطح کے 18 کوچنگ سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ (فوٹو: عرب نیوز) 

’ مملکت کی جانب سے عالمی سطح پرمختلف سپورٹس ایونٹس کی کامیاب میزبانی کی گئی جو اس بات کی واضح علامت ہے کہ سعودی عرب اس وقت نمایاں مقام حاصل کرچکا ہے جو آئندہ ورلڈ کپ کے لیے انتہائی موزوں ہوگا‘۔ 
 سعودی فٹبال فیڈریشن کے نگران یاسر بن حسن المسحل نے کہا ’شاہ سلمان اورولی عہد کی جانب سے جس طرح اسپورٹس کی سرگرمیوں خاص طورپر فٹبال کو سپورٹ حاصل ہوئی ہے۔ سعودی فٹبال نے عالمی سطح پرنمایاں مقام حاصل کیا ہے‘۔ 
انہوں نے مزید کہا ’ورلڈ کپ کی میزبانی کے ارادے کا اظہار بڑا اعلان ہے جو اس کھیل کے حوالے سے سعودی عوام کے جذبات کی بھرپورعکاس ہے‘۔ 
واضح رہے مملکت میں فٹبال نے ماضی کے مقابلے میں کافی ترقی کی ہے۔
2021 کے مقابلے میں اس قت کھلاڑیوں کی تعداد 50 فیصد جبکہ خواتین کھلاڑیوں کی تعداد میں 86 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
مرد وخواتین کوچز کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا جو 2018 میں 750 سے بڑھ کر 5500 تک پہنچ گئی ہے۔
سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں عالمی سطح کے  18 کوچنگ سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ 
خیال رہے مملکت 2023 میں کلبز ورلڈ کپ جبکہ سال 2027 میں ایشین کپ کے فائنلز کی میزبانی کرے گا ۔
علاوہ ازیں مختلف کھیلوں کے حوالے سے کئی بین الاقوامی ٹورنامنٹس بھی منعقد کیے جائیں گے۔

شیئر: