شام کی فوجی اکیڈمی پر ڈرون حملے میں 110 افراد ہلاک، 125 زخمی
شام کی فوجی اکیڈمی پر ڈرون حملے میں 110 افراد ہلاک، 125 زخمی
جمعرات 5 اکتوبر 2023 22:53
رپورٹ کے مطابق ڈرون حملے میں کم سے کم 125 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
شام کی ایک فوجی اکیڈمی پر جمعرات کو ہونے والے ڈرون حملے میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ شمال مشرقی کرد علاقے میں ایک الگ حملے میں ترک ایئرفورس کی بمباری سے 11 افراد مارے گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے جنگ کی نگرانی کرنے والے ادارے ’سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس‘ کے حوالے سے بتایا کہ یہ حملہ شام کے زیرِ کنٹرول علاقے ’حمص‘ میں کیا گیا۔
شام کے سرکاری میڈیا نے ’حمص‘ میں اس خطرناک ڈرون حملے کا ذمہ دار ’دہشت گرد تنظیموں‘ کو ٹھہرایا ہے۔
کُرد فورسز کے مطابق ’ترکیہ نے بھی شام میں کُردوں کے زیرِ کنٹرول شمال مشرقی علاقے میں ایک حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 9 افراد مارے گئے۔‘
واضح رہے کہ ترکی نے انقرہ میں ہونے والے خودکش حملے کے جواب میں کُردوں کو فوجی کارروائی کی دھمکی دی تھی۔
فوج کے مطابق ’شام کے وسطی شہر حمص میں مسلح دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے ’فوجی اکیڈمی کے افسران کی گریجویشن تقریب‘ کو نشانہ بنایا گیا۔‘
سرکاری خبر رساں ایجنسی ’سانا‘ پر جاری فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ شام کے وسطی شہر حمص میں مسلح دہشت گرد تنظیموں نے ’فوجی اکیڈمی کے افسران کی گریجویشن تقریب‘ کو نشانہ بنایا۔
برطانیہ میں قائم ’سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس‘ کی رپورٹ کے مطابق ’ڈرون حملے میں 100 سے زائد افراد مارے گئے ہیں جن میں سے نںصف فوجی گریجویٹس جبکہ 14 عام شہری شامل تھے۔‘
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ’حملے میں کم سے کم 125 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔‘
شامی وزیر صحت حسن الغوباش نے سرکاری ٹیلی وی کو بتایا کہ ’ابتدائی طور پر 80 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ملی تھی۔‘
ان کے مطابق ’مرنے والوں میں چھ خواتین اور چھ بچے بھی شامل تھے، جبکہ 240 کے قریب افراد زخمی ہوئے۔‘
شام کی فوج نے بیان میں مزید کہا کہ یہ حملہ ’دھماکہ خیز مواد سے لدے ڈرونز‘ کے ذریعے کیا گیا، فوج نے اس حملے کا پوری قوت سے جواب دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
فوری طور پر کسی تنظیم کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔ شامی حکومت نے جمعہ سے ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔