Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیم انڈیا کے خلاف نڈر ہو کر کھیلے، حوصلہ افزائی کے لیے احمدآباد جا رہا ہوں: ذکا اشرف

پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں 14 اکتوبر کو احمدآباد میں مدمقابل آئیں گی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف جمعرات کو انڈیا اور پاکستان کے میچ سے دو دن قبل احمدآباد پہنچیں گے۔
بدھ کو پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ذکا اشرف احمدآباد میں ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کا میچ 14 اکتوبر کو نریندر مودی سٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھیں گے۔
ذکا اشرف کا اپنے انڈیا کے دورے کے حوالے سے کہنا ہے کہ ’میں نے خود انڈیا کے سفر میں تاخیر کی تھی لیکن اب یہ تصدیق ہو گئی ہے کہ پاکستانی صحافیوں کو میگا ایونٹ کی کوریج کے لیے ویزے جاری کرنے کے لیے پاسپورٹ مانگ لیے گئے ہیں۔ اس لیے میں اب کل انڈیا کے لیے روانہ ہو رہا ہوں۔‘
منگل کو انڈین ہائی کمیشن کے ایک ذریعے نے پاکستانی صحافیوں کو ویزے جاری کرنے کا عمل شروع کرنے کی تصدیق کی تھی۔ اس کے علاوہ دو پاکستانی صحافی بھی تصدیق کر چکے ہیں کہ اُن سے انڈین ہائی کمیشن نے ویزوں کے اجرا کے لیے رابطے کیے ہیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے دو ابتدائی میچ نیڈرلینڈز اور سری لنکا کے خلاف جیت چکی ہے۔ ٹیم کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ ’جس طرح سے اب تک کھلاڑیوں نے ورلڈ کپ میں پرفارم کیا ہے میں بہت خوش ہوں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں انڈیا ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے جا رہا ہوں اور انڈیا کے میچ سے قبل میرا ٹیم کو پیغام یہ ہے کہ وہ نڈر ہوکر کھیلیں جیسے اب تک وہ ٹورنامنٹ میں کھیلتے آئے ہیں۔‘

شیئر: