Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور انڈیا کے میچ سے قبل احمدآباد سٹیڈیم میں میوزک شو، شوبز شخصیات کی آمد متوقع

بی سی سی آئی نے ورلڈ کپ سے قبل امیتابھ بچن، رجنی کانت اور سچن تندولکر کو گولڈن ٹکٹ دیے تھے۔ (فوٹو: بی سی سی آئی ٹوئٹر)
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کے اہم ترین میچ سے قبل احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں میوزک شو منعقد ہوگا جس میں شوبز شخصیات کی آمد متوقع ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق 14 اکتوبر کو پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والے میچ میں میوزک شو کے ساتھ ساتھ انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی س آئی) کی جانب سے گولڈن ٹکٹ حاصل کرنے والے سلیبریٹیز بھی سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے لیے موجود ہوں گے۔
بی سی سی آئی نے ورلڈ کپ سے قبل امیتابھ بچن، رجنی کانت اور سچن تندولکر کو گولڈن ٹکٹ دیے تھے جبکہ اس ہائی وولٹیج میچ میں معروف سنگر اریجیت سنگھ کی لائیو پرفارمنس بھی متوقع ہے۔
بالی وُڈ کے رنگوں سے بھرپور یہ تقریب پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 10 منٹ پر شروع ہوگی۔
یہاں ایک بات یاد رہے کہ اس ورلڈ کپ کے آغاز میں بی سی سی آئی کی جانب سے افتتاحی تقریب نہیں کروائی گئی تھی۔
دوسری جانب پاکستان اور انڈیا کے میچ کے لیے 60 پاکستانی صحافیوں کو بھی ویزہ مل گیا ہے۔
اُدھر پاکستان کرکٹ ٹیم روایتی حریف انڈیا کے خلاف میچ کے لیے بابر اعظم کی قیادت میں حیدرآباد دکن سے احمدآباد پہنچ گئی ہے۔
منگل کو حیدرآباد دکن کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں پاکستان نے ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرتے ہوئے اپنے دوسرے میچ میں سری لنکا کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔
واضح رہے پاکستان اور انڈیا کے درمیان اب تک ون ڈے ورلڈ کپ کی تاریخ میں سات میچ ہو چکے ہیں جس میں ساتوں مرتبہ جیت انڈیا نے حاصل کی ہے۔

شیئر: