Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر کی غزہ کے لیے سیناء میں امدادی سہولت

سیناء اورغزہ کے درمیان رفح کراسنگ پر فلسطینیوں کو نشانہ بنانے سے گریز کیا جائے۔ فوٹو ایکس
مصر نے غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بین الاقوامی امدادی پروازوں کو سرحد کے قریب العریش ائیرپورٹ بھیج رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مصر کی وزارت خارجہ نے اسرائیل سے کہا ہے کہ سیناء اور غزہ کے درمیان رفح کراسنگ کے اطراف فلسطینیوں کو نشانہ بنانے سے گریز کرے جس سے وہاں معمول کی کارروائیاں روک دی گئی ہیں۔
مصر کی سرحد فلسطینی علاقے کے جنوب سے ملتی ہے اور وہاں رہنے والے 23 لاکھ باشندوں کے لیے مرکزی خارجی راستے کو کنٹرول کرتا ہے۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ پر زبردست بمباری اور مکمل محاصرہ کرنے سے مصر میں خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔
رفح کے راستے رجسٹرڈ فلسطینیوں کی نقل و حرکت اس ہفتے کے شروع میں کراسنگ کے فلسطینی حصے پر اسرائیلی بمباری کے بعد سے رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔
مصر جو غزہ  کی صورتحال پر اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان اہم ثالث ہے، نے کہا ہے کہ غزہ میں امداد کی فراہمی میں سہولت دینے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن علاقائی صورت حال نے امدادی منصوبوں کو متاثر کیا ہے۔
مصر کے وزیر خارجہ سامح شکری نے اپنے لتھوانیا کے ہم منصب کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ  ہم نے ابتدا میں ہی انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے رفح کراسنگ کو کھلی رکھنے پر زور دیا ہے۔

اردن نے غزہ کے لیے پہلا امدادی طیارہ مصر روانہ کیا۔ فوٹو اے ایف پی

انہوں نے بتایا کہ رفح کراسنگ اس وقت تک کھلی رہے گی جب تک ہم غزہ کی پٹی کے لیے فوری انسانی ضروریات پوری نہیں کر لیتے۔
دوسری طرف اردن کی خبر رساں ایجنسی پیترا نے جمعرات کو بتایا ہے کہ اردن نے جنگ کے آغاز کے بعد سے غزہ کے لیے پہلا امدادی طیارہ مصر روانہ کیا۔
مصری حکام کے ساتھ ہم آہنگی کے بعد امدادی طیارہ رفح بارڈر کے ذریعے غزہ کی پٹی تک جانے سے پہلے مصر میں اترے گا۔

غزہ پر بمباری اور محاصرے سے مصر میں خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔ فوٹو اے ایف پی

اردن کی وزارت خارجہ اور رائل ایئر فورس کے تعاون سے اردن کی ہاشمیت چیریٹی آرگنائزیشن کی طرف سے یہ طیارہ جنگ میں زخمی فلسطینیوں کے لیے ضروری طبی سامان لے کر جا رہا ہے۔
چیریٹی آرگنائزیشن  کے سیکرٹری جنرل حسین الشبلی نے کہا ہے کہ تنظیم کا مقصد غزہ کے باشندوں کی مدد کرنے والے ہسپتالوں اور جنگ زدہ علاقوں میں کام کرنے والے اداروں کو طبی سامان فراہم کرنا ہے۔

شیئر: