سعودی عرب اور جاپان میں خلائی تحقیق پر اتفاق
جمعرات 12 اکتوبر 2023 20:58
خلا اور ایجاد سسٹم کا نمائندہ وفد جاپان کے دورے پر ہے(فوٹو، ایکس )
سعودی عرب اور جاپان مشترکہ طورپر خلا بعید کے راز دریافت کرنے والے روبوٹ کی تیاری میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی خلائی ایجنسی کے چیئرمین انجینیئر عبداللہ السواحہ نے جاپانی خلائی ایجنسی کے سربراہ ڈاکٹر ہیروشی یاماکاوا کے ساتھ جمعرات کو ٹوکیو میں ملاقات کی۔
انہوں نے خلائے بعید کے راز دریافت کرنے والے روبوٹ کی تیاری میں تجربات کے تبادلے اور تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر فریقین نے نئی کمپنیوں کے لیے مناسب ماحول کو مزید بہتر بنانے کی خاطر جدید زمینی خدمات کے موضوعات بھی زیر بحث آئے۔
سعودی عرب سے ڈیجیٹل اکانومی، خلا اور ایجاد سسٹم کا نمائندہ وفد جاپان کے دورے پر ہے۔ سعودی وفد نے ٹوکیو میں خلا اور اس کی ٹیکنالوجی کے سلسلے میں ریسرچ اور مستقبل میں تعاون کا دائرہ وسیع کرنے کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ سعودی خلائی ایجنسی خلا کے شعبے میں سعودی عرب کی بین الاقوامی پوزیشن مضبوط بنانے کے لیے مختلف بین الاقوامی اداروں اور تنظیموں کے ساتھ کام کررہی ہے۔