Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی خلائی کمیشن میں بڑے تربیتی پروگرام کا آغاز

وژن2030 کے اہداف میں اس شعبے کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
خلائی شعبے میں بہترین کیریئر کے خواہاں نئے گریجویٹس سعودیوں  کے لیےسعودی خلائی کمیشن ایک بڑا تربیتی پروگرام شروع کرنے والا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق تربیتی کورس کے تحت مدار پروگرام میں مختلف سائنسی خصوصیات کے حامل ایک ہزار تربیت یافتہ مردو خواتین کو عملی کورسز کرائے جائیں گے۔

سعودی سپیس کمیشن کے تربیتی پروگرام میں تین شعبوں پر توجہ دی گئی ہے۔ فوٹو عرب نیوز

یہ پروگرام سعودی سپیس کمیشن  کی خلائی شعبے میں قومی صلاحیتوں اور مہارتوں کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
سعودی سپیس کمیشن کے چیئرمین عبداللہ السواحہ نے  اس سلسلے میں حال ہی میں امریکی خلائی کمپنیوں کے سربراہوں کے ساتھ ماہرین اور ٹیکنالوجی کے تبادلے اور  اس شعبے میں مشترکہ صلاحیتوں کو بڑھانے پر بات چیت کی ہے۔
امریکی خلائی کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقاتوں میں خلائی جہاز لانچ کرنے کی خدمات میں دو طرفہ تعاون، خلائی سیاحت کے شعبے کی ترقی میں شراکت داری کا آغاز  اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کے حصول میں اس شعبے کے کردار کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
سعودی سپیس کمیشن کی جانب سے لانچ کئے جانے والے تربیتی پروگرام میں تین اہم شعبوں پر توجہ دی گئی ہے۔

 پروگرام سپیس کمیشن کی خلائی شعبےکو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ فوٹو عرب نیوز

ایک 'خصوصی خلائی مدار' ٹریک دو ذیلی  شعبوں پر مشتمل ہو گا۔ 'سیٹیلائٹ' ٹریک اور' پبلک سپیس' ٹریک، یہ کورس پانچ ہفتوں کے لیے ہو گا۔
دوسرے شعبے کے کورس میں مدار کے بارے میں ابتدائی معلومات کا مختصر تربیتی کورس پانچ دن تک جاری رہے گا۔
اس کےعلاوہ تیسرے شعبے میں مستقبل کے ٹرینرز کو تیار کرنے کے لیے ایک پروگرام  دو ہفتوں پر مشتمل ہو گا۔
سعودی سپیس کمیشن کی جانب سے تیار کئے گئے یہ پروگرام نئے گریجویٹس اور خلائی شعبے میں دلچسپی رکھنے والے یا اس شعبے کو اپنے کیریئر کے طور پر  دیکھنے والوں کو راغب کریں گے۔
 

شیئر: