Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا سے میچ کا دباؤ نہیں ہے، بڑے کراؤڈ کے سامنے پہلے بھی کھیل چکے ہیں: بابر اعظم

اس سے قبل پاکستان نے ورلڈ کپ میں اپنے دوسرے میچ میں سری لنکا کو ہرا دیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ انڈیا سے میچ کا دباؤ نہیں ہے، وہ بڑے کراؤڈ کے سامنے پہلے بھی کھیل چکے ہیں۔
بابر اعظم نے انڈیا سے میچ سے قبل جمعے کو احمدآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’انڈیا سے میچ کا دباؤ نہیں ہے، ہم بڑے کراؤڈ کے سامنے پہلے بھی کھیل چکے ہیں۔ ہم ایم سی جی (میلبرن) میں بڑے کراؤڈ کے سامنے کھیل چکے ہیں۔ یہ سٹیڈیم بھی بڑا ہے۔ تمام سپورٹ انڈیا کی ہوگی، اگر پاکستانی مداحوں کو اجازت ہوتی تو ہمارے لیے اچھا ہوتا۔‘
احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم کی کنڈیشنز کے بارے میں بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ’جتنے بھی میچ ہو رہے ہیں وہ ہائی سکورنگ ہیں۔ بولرز کے پاس غلطی کی گنجائش بہت کم ہے۔ میں اپنے بولرز سے یہ ہی کہتا ہوں کہ گُڈ لینتھ پر بولنگ کریں۔‘
انڈین ٹیم کے چیلنجنگ بیٹرز کے بارے میں بات کرتے ہوئے پاکستانی کپتان نے کہا کہ ’چیلنجنگ تو انڈیا پاکستان کا میچ ہے۔ میری خیال سے دونوں ٹیموں کی یہ ہی کوشش ہوتی ہے کہ اپنا بہترین دیں۔‘
ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستان انڈیا سٹریک کے بارے میں بارے اعظم نے دلچسپ انداز میں کہا کہ انڈیا پاکستان کی سٹریک کے بارے میں تو اتنا نہیں کہہ رہے لیکن ٹکٹوں کے بارے میں ضرور کہہ رہے ہیں۔ میچ کا پریشر نہیں لیتے، ہمارا اس پر یقین ہے کہ ہم کر سکتے ہیں اور پورے اعتماد کے ساتھ میچ کھیلیں گے۔‘
گجراتی کھانوں کے بارے بات کرتے ہوئے بابر اعظم کہتے ہیں کہ ’جی ہاں، ہم نے گجراتی کھانے کھائے ہیں لیکن ہم ہوٹل میں اتنے نہیں کھانے والے۔‘

پاکستان کرکٹ ٹیم نے جمعرات کو نریندر مودی سٹیڈیم احمدآباد میں پریکٹس کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

خیال رہے پاکستان اور انڈیا کے درمیان آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا ہائی وولٹیج میچ 14 اکتوبر بروز سنیچر احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں ہوگا۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان اب تک ون ڈے ورلڈ کپ میں سات میچ ہو چکے ہیں جس میں تمام میچوں میں انڈیا کو فتح حاصل ہوئی ہے۔
واضح رہے احمدآباد کا نریندر مودی سٹیڈیم دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ سٹیڈیم ہے جس میں ایک لاکھ 32 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

شیئر: