آسٹریلیا کی دوسری ناکامی، جنوبی افریقہ کی 134 رنز سے فتح
آسٹریلیا کی دوسری ناکامی، جنوبی افریقہ کی 134 رنز سے فتح
جمعرات 12 اکتوبر 2023 11:43
آسٹریلوی فیلڈرز نے جنوبی افریقی بیٹرز کے چار کیچز ڈراپ کیے۔ (فوٹو: گیٹی امیجز)
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 10 ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے آسڑیلیا کو 134 رنز سے ہرا دیا۔
جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 312 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں پوری ٹیم صرف 177 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
جمعرات کو لکھنؤ کے ایکانا سٹیڈیم آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا جو اس کے لیے مثبت ثابت نہ ہوا۔ ہدف کے تعاقب میں کوئی بھی آسٹریلوی بیٹر ففٹی نہ بنا سکا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے بولنگ کرتے ہوئے کاگیسو راباڈا نے تین، جبکہ مارکو جینسن، کیشیو مہاراج اور تبریز شمسی نے بالترتیب دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک نے 109، ایڈن مارکرم نے 56 اور کپتان ٹیمبا باوُوما نے 35 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے گلین میکسویل اور مچل سٹارک نے دو، دو جبکہ ایڈم زیمپا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کے خلاف جنوبی افریقی اوپنر کوئنٹن ڈی کوک 106 گیندوں پر 8 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 109 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز سمیت باقی اہم بولروں نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ فیلڈنگ میں بھی کینگروز کی کارکردگی خاصی بری رہی۔
آسٹریلوی فیلڈرز نے جنوبی افریقی بیٹرز کے چار کیچز ڈراپ کیے۔
اس سے قبل آسٹریلیا کو چنئی میں انڈیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ جنوبی افریقہ نے اپنے پہلے میچ میں سری لنکا کو ہرا دیا تھا۔
آسٹریلیا نے اس میچ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں تھیں جس کے بعد کیمرون گرین کی جگہ پلینگ الیون میں مارکس سٹوئنس جبکہ ایلکس کیری کی جگہ جوش انگلس کی واپسی ہوئی تھی۔
اسی طرح جنوبی افریقہ نے اس میچ کے لیے پلئینگ الیون میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے فاسٹ بولر جیرالڈ کوئٹزے کی جگہ لیفٹ آرم لیگ سپنر تبریز شمسی کو ٹیم میں شامل کیا تھا۔
اگر دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے ورلڈ کپ کے مقابلوں کی تاریخ کو دیکھا جائے تو کینگروز اور پروٹیز اب تک سات مرتبہ آمنے سامنے آئے ہیں جس میں تین مرتبہ آسٹریلیا جبکہ تین مرتبہ ہی جنوبی افریقہ کو فتح حاصل ہوئی ہے۔