Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فرخ حبیب پی ٹی آئی چھوڑ کر استحکام پاکستان پارٹی میں شامل

فرخ حبیب نے بتایا کہ ’جس دن پرتشدد مظاہرے ہوئے۔ میں بیمار تھا۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب نے سیاسی وابستگی بدلتے ہوئے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔
پیر کو لاہور میں استحکام پاکستان پارٹی کے دفتر میں عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرخ حبیب نے اپنے نئے سیاسی سفر کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا ’آج نے میں استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ میں اپنے گھر میں ہی ہوں۔‘
فرخ حبیب نو مئی کے مظاہروں کے بعد روپوش تھے اور پی ٹی آئی کے حامی افراد کا دعویٰ تھا کہ وہ جبری طور پر لاپتہ کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’ہم لوگ نو مئی کے افسوس ناک واقعات کے بعد گھروں سے دور تھے۔ ہم تو تحریک انصاف میں قائداعظم کا پاکستان بنانے کے لیے شامل ہوئے تھے۔ لیکن میں حالات کے تسلسل اور جذبات میں بہت آگے نکل گیا تھا۔‘
 فرح حبیب نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ تحریک انصاف میری سابقہ جماعت ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’عمران خان صاحب کی ذمہ داری تھی کہ وہ نو مئی کے واقعات کے بعد تدبر اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے۔ وہ چاہتے تھے کہ لوگ ان کے لیے باہر لڑیں۔ آپ کے پاس یہ راستہ تھا کہ آپ قانون کا سامنا کرتے۔‘
’نو مئی کو جو ہوا، اسے سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ یہ قابل مذمت اور افسوس ناک ہے۔‘

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ’نو مئی کے واقعات سے پہلے عمران خان نے پارٹی کے لیڈروں کی مسلسل ذہن سازی کی‘ (فائل فوٹو: اے پی پی)

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ’نو مئی کے واقعات سے پہلے عمران خان نے پارٹی کے لیڈروں کی مسلسل ذہن سازی کی۔ بدقسمتی سے وہ تشدد کو پروان چڑھاتے رہے۔‘
انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کے ساتھ جو سلوک ایک تنظیم نے پنجاب یونیورسٹی نے کیا، کیا آپ پی ٹی آئی اور آئی ایس ایف سے کروانا چاہتے تھے۔‘
فرخ حبیب نے بتایا کہ ’جس دن پرتشدد مظاہرے ہوئے۔ میں بیمار تھا۔ میں دوائی لے کر سویا ہوا تھا تو مجھے میری اہلیہ نے بتایا کہ خان صاحب گرفتار ہو چکے ہیں۔ فیصل آباد میں احتجاج ہو رہا تھا لیکن میں وہاں نہیں گیا۔‘
انہوں نے چیئرمین تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان نے قائداعظم کے پاکستان کی بجائے ہمارے حوالے فرح گوگی، بشریٰ بی بی اور عثمان بزدار کا پاکستان کر دیا۔‘

شیئر: