سعودی عرب میں مبینہ جعلی پاسپورٹس، تحقیقاتی کمیٹی تشکیل
نوٹفیکیشن کے مطابق کمیٹی پاسپورٹ کے اجرا میں کوتاہی کا پتہ لگائے گی۔ (فائل فوٹو: فری پک)
وزارت داخلہ نے سعودی عرب میں 12 ہزار 96 مبینہ جعلی پاکستانی پاسپورٹس سامنے آنے کے بعد معاملے کی تحقیقات کے لیے پانچ رکنی اعلٰی سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹفیکیشن کے مطابق کمیٹی کی سربراہی ڈاریکٹر جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کریں گے۔
ڈپٹی سیکریٹری ایف آئی اے، وزارت داخلہ، ایف آئی اے اور نادرا کا ایک ایک نمائندہ کمیٹی میں شامل ہو گا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن پاسپورٹ کمیٹی کے سیکریٹری ہوں گے۔
نوٹفیکیشن کے مطابق کمیٹی پاسپورٹ کے اجرا میں کوتاہی کا پتہ لگائے گی۔ کمیٹی اس بات کا بھی بھی تعین کرے گی کہ کن اداروں کی ملی بھگت سے جعلی پاسپورٹ استعمال ہوئے۔
کمیٹی پاسپورٹ، ایف آئی اے اور دیگر اداروں کی ذمہ داری کا تعین کرے گی۔
کمیٹی تجاویز بھی جمع کرائے گی کہ مستقبل میں ان خطرات کو کیسے روکا جا سکتا ہے۔
کمیٹی 15 دن کےاندر اپنی رپورٹ وزیر داخلہ کو پیش کرے گی۔