Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

100 کروڑ کلب کا اعزاز کوئی نہیں چھین سکتا: رِچا چڈھا

رچا چڈھا نے اپنے 10 سالہ کریئر میں ہندی سنیما میں کئی یادگار کردار پرفارم کیے(فائل فوٹو کُوئی مُوئی)
بالی وُڈ کی اداکارہ رچا چڈھا نے کہا ہے کہ انہوں نے جتنی بھی کامیابیاں سمیٹی ہیں، ان پر انہیں فخر ہے۔
انڈین شوبز ویب سائٹ ’کُوئی مُوئی‘ کےمطابق رچا چڈھا نے خبر رساں ادارے آئی اے این ایس کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ 100 کروڑ کے کلب میں شامل ہیں اور کوئی ان سے یہ اعزاز چھین نہیں سکتا۔
رچا چڈھا کی فلم ’فُقرے تھری‘ نے دنیا بھر میں ایک سو سات کروڑ سے زائد کا بزنس کیا تھا۔
’بھولی پنجابن‘ کے کردار سے شہرت پانے والی رچا چڈھا کا کہنا تھا کہ ’مجھے بہت شاندار لگتا ہے۔ میں ان فلم سازوں کی شکرگزار ہوں جنہوں نے 10 برس قبل مجھے چُنا۔ میں ڈائریکٹر مرگدیپ سنگھ لامبا اور رائٹر وِپول وِگ کی بہت زیادہ ممنون ہوں۔‘
اداکارہ نے اپنی محنت اور کامیابیوں سے متعلق گفتگو کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ میرا شمار 100 کروڑ کلب میں ہوتا ہے اور یہ اعزاز مجھ سے کوئی نہیں چھین سکتا۔ میں سیلف میڈ خاتون ہوں۔ جو کچھ میں نے حاصل کیا، اس پر مجھے فخر ہے۔‘
’یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ میں نے اپنی  محنت اور سفر کو بھی اتنا ہی انجوائے کیا ہے جتنا کہ آج میں اپنی کامیابی کا لطف اٹھا رہی ہوں۔‘

رچا چڈھا کی فلم ’فُقرے تھری‘ نے دنیا بھر میں ایک سو سات کروڑ سے زائد کا بزنس کیا تھا (فائل فوٹو: سکرین گریب)

رچا چڈھا نے اپنے 10 سالہ کریئر میں ہندی سنیما میں کئی یادگار کردار پرفارم کیے۔
ان کے یادگار کرداروں میں فلم ’گینگز آف واسع پور‘ کی نغمہ، ’فُقرے‘ کی بھولی پنجابن، ’گولیوں کی راس لیلا رام لیلیٰ‘ کی رسیلا دیوی، ’میڈم چیف منسٹر‘ کی تارہ، ’سیکشن 175: مرضی یا زبردستی‘ کی ہِیرل گاندھی شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’ان میں سے کوئی بھی کردار میرے دل کے زیادہ قریب نہیں ہے۔ میں جی لگا کر سب کردار نبھاتی رہی اور آپ اگر ان تمام کرداروں کو دیکھیں تو آپ لگے گا کہ یہ سب مختلف اقدار کے حامل ہیں۔‘
’نغمہ ایک جنگجو ہے۔ بھولی ایک گینگسڑ ہے جو اپنی عزت چاہتی ہے۔ رسیلا ایک نرم خـو خاتون ہے جو لڑائی کے خلاف ہے۔ دیوی اپنے حالات کی وجہ سے تباہ حال ہے لیکن وہ ان حالات سے نکلنے کے لیے لڑنے کا فیصلہ کرتی ہے۔ اسی طرح ہِیرل، مدھوری اور تارہ بھی مختلف نوعیت کے کردار ہیں۔‘
رچا چڈھا ان تمام کرداروں کے بارے میں خوشی کا اظہار کرتی ہیں۔
’مجھے خوشی ہے کہ فلم سازی میں اس قدر تنوع ہے۔ اس کے باوجود میں ان میں سے کسی بھی کردار کے قریب خود کو نہیں پاتی۔‘

شیئر: