Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق انڈین کپتان گنگولی کی پاکستان پر تنقید، ’بیٹنگ لائن دباؤ برداشت نہیں کرسکتی‘

انڈیا نے پاکستان کو احمدآباد میں سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی نے پاکستان کی بیٹنگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرین شرٹس کے لیے ورلڈ کپ میں اس نوعیت کی بیٹنگ  کے ساتھ کم بیک کرنا مشکل ہوگا۔
انڈین چینل ’ٹائمز ناؤ‘ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے گنگولی کا کہنا تھا کہ ’ہمارے وقت میں پاکستان کی ٹیم بہت مختلف تھی اور جس ٹیم کے خلاف ہم کھیلتے تھے وہ ایسی بالکل نہیں تھی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ٹیم ’بیٹنگ کے دوران دباؤ ہی برداشت نہیں کرسکتی۔‘
خیال رہے 14 اکتوبر کو احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں پاکستان کی بیٹنگ لائن انڈیا کے خلاف ناکام ہوگئی تھی اور گرین شرٹس یہ میچ سات وکٹوں سے ہار گئے تھے۔
پاکستانی بیٹرز نے جب انڈیا کے خلاف اننگز کی شروعات کی تھی تو ایسا لگ رہا تھا جیسے پاکستان اس میچ میں انڈیا کے خلاف کوئی بڑا سکور کرنے میں کامیاب ہوجائے گا، لیکن امام الحق، بابر اعظم اور محمد رضوان کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بیٹر وکٹ پر نہیں ٹِک سکا۔
پاکستان کا ٹوٹل ایک وقت میں 31 ویں اوور میں 155 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ تھا اور پھر ٹیم کی باقی آٹھ وکٹیں صرف 36 رنز پر گر گئیں تھیں۔
گنگولی نے پاکستان کی بیٹنگ پر مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کے لیے اس بیٹنگ کے ساتھ ورلڈ کپ میں کم بیک کرنا بہت مشکل ہوگا۔‘

شیئر: