Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ میں ایک اور بڑا اپ سیٹ، نیدرلینڈز نے جنوبی افریقہ کو 38 رنز سے شکست دے دی

دھرم شالہ میں کھیلا جا رہا یہ میچ بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا جس کے بعد اسے 43 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا ہے۔ (فوٹو: ایسوسی ایٹڈ پریس)
دھرم شالہ میں نیدرلینڈز نے جنوبی افریقہ کو 38 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ میں ایک اور بڑا اپ سیٹ کردیا ہے۔
انڈیا میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 15 ویں میچ میں نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 43 اوورز میں جنوبی افریقہ کو جیتنے کے لیے 246 رنز کا ہدف دیا تھا۔
نیدرلینڈز کی جانب سے کپتان سکاٹ ایڈورڈز نے 78، رُولوف فین ڈر مَروا نے 29 اور اریان دت نے 23 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے لنگی نگیڑی، کاگیسو رباڈا اور مارکو یانسین نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
منگل کو دھرم شالہ میں کھیلے گئے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم 246 رنز کے تعاقب میں جب میدان میں اُتری تو ڈیوڈ مِلر اور کیشو مہاراج کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی نیدرلینڈز کے بولرز کے سامنے مزاحمت نہ دکھا سکا۔
ڈیوڈ مِلر نے 52 گیندوں پر 43 جبکہ کیشو مہاراج نے 37 گینوں پر 47 رنز بنائے۔
نیدرلینڈز کی جانب سے لوگن وین بیک نے تین اور پول وین میکرین، وین ڈن مروا اور بیس ڈی لیڈے نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
دھرم شالہ میں کھیلا جانے والا یہ میچ بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا جس کے بعد اسے 43 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا تھا۔
جنوبی افریقہ اور نیدرلینڈز کے درمیان اب تک سات ون ڈے میچ ہو چکے ہیں جس میں چھ مرتبہ پروٹیز کو جیت حاصل ہوئی جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔
جنوبی افریقہ کی پلئینگ الیون
کوئنٹن ڈی کوک (وکٹ کیپر)، ٹیمبا باوُوما (کپتان)، رسی فین ڈر ڈسن، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسین، ڈیوڈ مِلر، مارکو یانسین، کاگیسو رباڈا، کیشوو مہاراج، لنگی نگیڑی، جیرالڈ کوئٹزے۔
نیدرلینڈز کی پلئینگ الیون
وِکرم جیت سنگھ، میکس او ڈاؤڈ، کولن ایکرمین، باس ڈی لیڈے، تیجا نِدامنُورُو، سکاٹ ایڈورڈز (کپتان، وکٹ کیپر) سکائی برینڈ اینجل بریکٹ، رُولوف فین ڈر مروا، لوگان وین بِیک، اریان دت، پاؤل وین مِیکرین۔ 

شیئر: