قاہرہ - - - مصر میں ہر4 منٹ بعد ایک طلاق واقع ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ مصر کے ادارہ شماریات کے زیر اہتمام ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ 20 برسوں کے دوران مصر میں طلاق کے رحجان میں غیرمعمولی حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ناخواندہ میاں بیوی میں طلاق کے واقعات خواندہ افراد کی نسبت زیادہ ہیں۔ اسی طرح دیہاتوں میں طلاق کا رحجان شہروں کی نسبت کم ہے۔ پچھلے 20برسوں کے دوران طلاق کے واقعات میں اتار چڑھاؤ بھی آتا رہاہے۔ 2015 ء میں طلاق کے 2 لاکھ واقعات رونما ہوئے۔ ایک گھنٹے میں 22.6 طلاقیں اور 3.8 سیکنڈ میں ایک طلاق واقع ہوتی رہی۔مصرمیں زوجین کے درمیان طلاق کے اسباب پر بات کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گھریلو تشدد، میاں بیوی میں سے کسی ایک کی بددیانتی، جسمانی تشدد، گھر کے دیگر افراد اور عزیزو اقارب کی میاں بیوی کے معاملات میں مداخلت، ناتجربہ کاری، عمرمیں غیرمعمولی فرق جیسے عوامل زیادہ ہیں۔ مردوں میں 20 سے 34 سال کی عمر کے افراد میں طلاق کی شرح 49.7 فی صد ہے جبکہ 20 سال سے کم عمر افراد میں یہ تناسب 0.4 فیصد ہے۔ 35 سے 49 اور 50 سے 64 سال کی عمر کے افراد میں طلاق کی شرح .50 فی صد ہے۔خواتین میں 20 سے 34 سال کے عمر کی طلاق کی شرح 6.7 فیصد جبکہ 65 سال کی عمر میں شرح طلاق 0.6 فی صد ہے۔پڑھے لکھے نوجوانوں میں طلاق کی شرح 40 فی صد اور تعلیم یافتہ لڑکیوں میں طلاق کی شرح 34 فی صد ہے۔ طلاق دینے والوں میں گریجویٹ، ماسٹر ڈگری کے حامل اور پی ایچ ڈی تک اعلیٰ تعلیم پانے والے سبھی شامل ہیں۔