اسرائیل، حماس تنازع پر پوسٹ، فرانسیسی فُٹ بال کلب کے الجیرین کھلاڑی معطل
بدھ 18 اکتوبر 2023 17:00
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
نائس کی جانب سے کہا گیا کہ ’کلب نے یوسف اٹل کو تاحکمِ ثانی معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
فرانسیسی فُٹ بال کلب نائس نے الجیریا نے کے انٹرنیشنل فُٹ بالر یوسف اٹل کو اسرائیل اور حماس تنازع پر کی جانے والی سوشل میڈیا پوسٹ پر معطل کردیا ہے۔
الجیرین فُٹ بالر یوسف اٹل 2018 سے نائس کا حصہ ہیں اور انہوں نے اپنی اسرائیل اور حماس کے حوالے سے پوسٹ سوشل میڈیا سے بھی ڈیلیٹ کردی ہے۔
حماس کے جنگجوؤں نے 7 اکتوبر کو اسرائیل کی تاریخ میں کیے جانے والے سب سے بڑے حملے میں 1300 اسرائیلوں کو ہلاک کردیا تھا جس کے بعد اسرائیل کے جوابی فضائی حملوں میں اب تک 2800 سے زائد فلسطینی بھی مارے جا چکے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’روئٹرز‘ کے مطابق الجیرین فُٹ بالر کے حوالے سے فرانسیسی کلب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’نائس یہ سمجھتا ہے کہ کھلاڑی نے اپنی غلطی مانتے ہوئے جلد ہی اپنی پوسٹ ڈیلیٹ کردی تھی اور تحریری طور پر معافی بھی مانگ لی ہے۔‘
فُٹ بال کلب نے مزید کہا کہ ’اس کے باوجود بھی شیئر کی جانے والی پوسٹ کی نوعیت اور سنجیدگی کو مدِنظر رکھتے ہوئے کلب نے کھلاڑی کے خلادف فوری تادیبی کارروائی کرنے اور پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سے قبل کہ سپورٹس اور عدالتی حکام اُن کے خلاف کوئی کارروائی کرسکیں۔‘
نائس کی جانب سے کہا گیا کہ ’کلب نے یوسف اٹل کو تاحکمِ ثانی معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
الجیرین فٹ بالر نے اس کارروائی سے قبل ہی اپنی پوسٹ پر معافی مانگ لی تھی۔
انہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’میں آگاہ ہوں کہ میری پوسٹ نے کافی لوگوں کو تکلیف پہنچائی ہے جو کہ میرا ارادہ نہیں تھا اور میں معافی چاہتا ہوں۔‘
یوسف اٹل نے مزید لکھا کہ ’میں اپنا نقطہ نظر واضح طور پر بیان کرنا چاہتا ہوں کہ میں ہر قسم کے تشدد دنیا میں جہاں بھی ہو میں مذمت کرتا ہوں اور میں اس کا شکار ہونے والے افراد کی حمایت کرتا ہوں۔‘