قدیم حج شاہراہ پر واقع تاریخی کمشنری ’الجموم‘ زائرین کی توجہ کامرکز
قدیم حج شاہراہ پر واقع تاریخی کمشنری ’الجموم‘ زائرین کی توجہ کامرکز
جمعرات 19 اکتوبر 2023 5:16
الجموم میں عسفان قلعہ بھی ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)
مکہ مکرمہ ریجن کی کمشنری الجموم اپنی شاندار تاریخ اور عظیم الشان ورثے کی وجہ سے مقامی شہریوں، مقیم غیرملکیوں اور زائرین کی توجہ کا محور بنی ہوئی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق الجموم کمشنری قدیم حج شاہراہ پر اپنے سٹریٹیجک محل وقوع کے حوالے سے بھی مشہور ہے۔
الجموم کمشنری مقامات مقدسہ کے زائرین، حج و عمرہ کے لیے مکہ مکرمہ کا رخ کرنے والوں اور تجارتی قافلوں کی اہم منزل رہی ہے۔
الجموم کمشنری 9 تحصیلوں پر مشتمل ہے۔ یہاں متعدد تاریخی اور تمدنی مقامات واقع ہیں۔
الجموم میں چشمے کثیر تعداد میں پائے جاتے ہیں۔ خصوصاً مکہ اور عموماً مملکت کی مشہور وادیوں کے اطراف چشمے پائے جاتے ہیں۔ وادی فاطمہ ان میں سے ایک ہے جس کے اطراف جگہ جگہ چشمے موجود ہیں یہ زرخیز وادی ہے اور اپنے دلکش قدرتی مناظر کے لیے مشہور ہے۔
الجموم میں ’مسجد الفتح‘ قابل دید مقامات میں سے ایک ہے۔ یہ مسجد اس جگہ تعمیر کی گئی ہے جہاں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ رضی اللہ عنہم نے 8 ھ مطابق 629 عیسوی کے دوران فتح مکہ کے موقع پر ڈیرہ ڈالا تھا۔
مسجد الفتح کے بیشتر نشانات مٹ گئے تھے۔ محراب کے کھنڈر باقی ہیں۔ 1397ھ مطابق 1976 میں اسے ازسرنو تعمیر کیا گیا۔
الجموم کمشنری میں کئی طرح کے آثار قدیمہ پائے جاتے ہیں۔ ان میں سے بعض عمارتوں، تالابوں اور چشموں کی صورت میں ہیں جبکہ دیگر نوادر کی شکل میں پائے جاتے ہیں ان میں مٹی کے برتن اور نقش و نگار قابل ذکر ہیں۔
الجموم کے نمایاں ترین تاریخی آثار میں ’مجنہ بازار‘ ہے۔ یہ عرب دنیا کے مشہور ترین تاریخی میلوں میں سے ایک ہے۔ ’مجنہ بازار‘، ’عکاظ میلے‘ اور ’ذی المجاز میلے‘ کے بعد لگا کرتا تھا۔
الجموم میں عسفان قلعہ بھی ہے۔ یہ پہاڑ کے اوپر بھاری بھرکم پتھروں سے تیار کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد حاجیوں کے قافلوں کو تحفظ فراہم کرنا تھا۔ اس قلعے کی بدولت تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں مدد ملی تھی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں