غزہ سے ’یرغمالیوں‘ کی رہائی، برطانیہ کا سپیشل سکواڈ اسرائیل کی مدد کے لیے تیار
غزہ سے ’یرغمالیوں‘ کی رہائی، برطانیہ کا سپیشل سکواڈ اسرائیل کی مدد کے لیے تیار
جمعرات 19 اکتوبر 2023 6:07
غزہ میں کئی روز سے حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان لڑائی جاری ہے (فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ کا سپیشل ایئر سکواڈ حماس کی حراست میں موجود یرغمالیوں کو بچانے کے لیے اسرائیل کے ساتھ مل کر ممکنہ آپریشن کی تیاری کر رہا ہے۔
عرب نیوز نے برطانوی اخبار ’آئی‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ غزہ کے علاقے میں 200 کے قریب افراد کو حماس نے یرغمال بنا رکھا ہے جن میں 10 برطانوی شہری بھی شامل ہیں اور ان کو چھڑانے کے لیے ممکنہ کارروائی کے حوالے سے سپشل ایئر سکواڈ اسرائیلی فوج کے علاوہ امریکہ کی ڈیلٹا فورس کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔
رپورٹ کے مطابق یرغمال بنائے افراد کا تعلق مختلف ممالک سے ہے اور ان کے بارے میں خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کو حماس کی جانب سے سرنگوں اور دیگر مقامات پر رکھا گیا ہے۔
ایک فوجی سورس نے اخبار کو بتایا کہ ’اسرائیل میں بننے والی صورت حال کی وجہ سے سپیشل سکواڈ کی تیاریوں میں تیزی آئی ہے۔‘
’سیپشل ایئر سکواڈ کے ایک دستے کا تربیتی مرحلہ مقررہ وقت سے کئی روز قبل ہی ختم کر دیا گیا ہے اور یہ اس کی خصوصی تعیناتی کے منصوبے کا حصہ ہے۔‘
برطانیہ کے سیکریٹری خارجہ جیمز کلیورلی کی جانب سے پیر کو اس امر کی تصدیق کی گئی تھی کہ غزہ میں یرغمال بنائے جانے والے افراد میں 10 برطانوی شہری بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2011 سے لے کر اب تک سپیشل فورسز نے تین ریسکیو مشنز پر کام کیا ہے۔
یہ کارروائیاں کینیا، نائجیریا اور یمن میں کی گئیں۔
اسی عرصے کے دوران اس کی جانب سے چھ خفیہ اجلاس بھی ہوئے جن میں سے ایک یوکرین میں روس کے حملے سے قبل ہوا تھا۔
ایک سینیئر فوجی عہدیدار اور سیبیلائن انٹیلئ جنس گروپ کے سربراہ جسٹن کرمپ نے اخبار سے گفتگو میں بتایا کہ ’جس طرح سے حماس نے لوگوں کو یرغمال بنایا ہے اس سے لگتا ہے کہ ان کو غزہ کے مختلف علاقوں میں رکھا جا رہا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’حماس چاہتی ہے کہ یرغمال بنائے گئے افراد زندہ رہیں اور ان کو کھانا اور پانی وغیرہ دیا جا رہا ہو گا اور ان کو طبی سہولت بھی دی جا رہی ہو گی کیونکہ وہ ان کو اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کے لیے ’بارگیننگ چپس‘ کے طور پر دیکھتے ہیں۔‘