Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ میں انڈیا سے شکست پر دنیا ختم نہیں ہوگئی: حسن علی

حسن علی ورلڈ کپ کے تین میچوں میں سات وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے فاسٹ بولر حسن علی نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں انڈیا سے شکست کے بعد ’دنیا ختم نہیں ہوگئی‘۔
پاکستان کی ٹیم پچھلے سنیچر کو احمدآباد میں انڈیا کے خلاف میچ سات وکٹوں سے ہار گئی تھی۔
پاکستان کی ٹیم اس وقت بھی تین میں سے دو میچ جیتنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ گرین شرٹس اپنا اگلا میچ جمعے کو آسٹریلیا کے خلاف بنگلور میں کھیلیں گے۔
جمعرات کو بنگلور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران حسن علی کا کہنا تھا کہ ’ہاں، ہم انڈیا کے خلاف اپنی غلطیوں سے میچ ہارے لیکن یہ رُکی ہوئی بس اب ہر سٹاپ پر دو پوائنٹس حاصل کرے گی۔‘
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’انڈیا کے خلاف شکست پر دنیا ختم نہیں ہوگئی۔ انڈیا کے خلاف میچ اب تاریخ ہے اور اسے ہم نے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔‘
فاسٹ بولر کے مطابق ٹیم نے اپنے پچھلے میچ میں کی گئی غلطیوں کا جائزہ لیا ہے اور ہم اگلے میچوں میں ان پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
حسن علی اب تک ورلڈ کپ میں پاکستان کے سب سے کامیاب ترین بولر ثابت ہوئے ہیں۔ وہ ورلڈ کپ کے تین میچوں میں سات وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
آسٹریلیا کی ٹیم پچھلے 20 ون ڈے میچز میں پاکستان 16 مرتبہ شکست دے چکے ہے۔
آسٹریلیا کی ٹیم کے کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حسن علی نے کہا کہ ’آسٹریلیا کوئی آسان ٹیم نہیں۔ ہمیں بہترین کارکردگی دکھانی ہوگی جو کہ انڈیا کے خلاف نہیں دکھا سکے تھے۔‘

آسٹریلیا کے خلاف میچ میں  لیگ سپنر اُسامہ میر کو شاداب خان کی جگہ ٹیم میں جگہ دی جا سکتی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں شاداب خان کو ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے اور ان کی جگہ لیگ سپنر اُسامہ میر کو ٹیم میں جگہ دی جا سکتی ہے۔
پاکستان کے دوسرے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی بھی اب تک ورلڈ کپ کے تین میچوں میں چار وکٹیں حاصل کرسکے ہیں۔
ان کے حوالے سے حسن علی کا کہنا تھا کہ ’شاہین نے ہمیں بہت میچ جتوائے ہیں۔ مجھے معلوم ہے کہ ابھی وہ پوری طرح فِٹ نہیں ہیں لیکن بہت جلدی ہوجائیں گے۔ وہ ایک چیمپیئن ہیں۔‘

شیئر: