Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یکجہتی کا اظہار، انڈیا میں موجود پاکستانی کھلاڑیوں نے فلسطینی جھنڈے پوسٹ کر دیے

کھلاڑیوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرنے کے لیے ’ایموجی‘ کا استعمال کیا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے موجود کئی پاکستانی کھلاڑیوں نے غزہ سے اظہارِ یکجہتی کے لیے سوشل میڈیا پر فلسطین کے جھنڈے لگا دیے۔
بدھ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر حارث رؤف، محمد نواز، شاداب خان، اُسامہ میر اور افتخار احمد نے فلسطین کے جھنڈے پوسٹ کیے۔

فلسطین کے جھنڈے کی تصاویر شیئر کرنے والے تمام کھلاڑیوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرنے کے لیے ’ایموجی‘ کا استعمال کیا۔
گذشتہ رات غزہ میں واقع ایک ہسپتال پر ہونے والے حملے میں 500 سے زائد فلسطینی شہری ہلاک ہوئے تھے۔

خیال رہے اس سے قبل ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف میچ میں سینچری بنانے والے محمد رضوان نے ایک پوسٹ میں ٹیم کی فتح ’غزہ میں موجود بہن، بھائیوں‘ کے نام کی تھی۔

محمد رضوان کی اس ٹویٹ پر خصوصاً انڈین صارفین کی طرف سے تنقید کی گئی تھی اور (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) آئی سی سی سے کارروائی کرنے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

تاہم آئی سی سی نے کہا تھا کہ ’یہ کھیل کے میدان اور آئی سی سی کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔
آئی سی سی نے اپنے بیان میں مزید لکھا تھا کہ ’یہ ہر کھلاڑی اور ان کے بورڈ پر منحصر ہے کہ وہ اپنے انفرادی پلیٹ فارمز کس طرح استعمال کرتے ہیں۔

واضح رہے پاکستان ورلڈ کپ میں اب تک تین میچ کھیل چکا ہے جس میں سے دو میچ انہوں نے جیتے ہیں جبکہ انڈیا کے خلاف وہ میچ ہار گئے تھے۔

شیئر: