جی سی سی، آسیان کانفرنس میں ولی عہد کا فلسطین کاز کے لیے سعودی حمایت کا اعادہ
جمعہ 20 اکتوبر 2023 11:12
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کانفرنس کے شرکا کا استقبال کیا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ریاض میں منعقد ہونے والی جی سی سی اور آسیان کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’غزہ میں بڑھتے ہوئے تشدد سے دُکھی ہیں، فلسطینی شہریوں کو نشانہ بنانے کے عمل کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔‘
الاخباریہ ٹی وی چینل کے مطابق جمعہ کو خلیج تعاون کونسل اورایسوسی ایشن آف ساؤتھ ایسٹ ایشین نیشنز (آسیان) کی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے خطاب میں اس بات کا اعادہ کیا کہ فلسطینی کاز کے مستقل حل تک پہنچنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی ہر طرح سے حمایت کرتے ہیں۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے مزید کہا ’فلسطین میں جاری عسکری کارروائیوں کو فوری طور پر روکنے اور وہاں مستقل بنیادوں پر امن اور فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘
قبل ازیں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے افتتاحی خطاب میں شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ’خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی نیابت کرتے ہوئے آپ سب کو مملکت میں دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔‘
انہوں نے آسیان ممالک کے ساتھ تجارت کے حوالے سے اس امر کی تصدیق کی کہ آسیان اور خلیجی ممالک کے مابین تجارتی حجم آٹھ فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ ولی عہد نے مزید کہا کہ سعودی عرب تمام شعبوں میں آسیان ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔