سعودی ولی عہد نے جی سی سی اور آسیان میں شامل مسلم ممالک کے سربراہوں کے ہمراہ نماز جمعہ ادا کی
جمعہ 20 اکتوبر 2023 19:18
ایس پی اے نے کانفرنس ہال میں نماز جمعہ کے مناظر کی تصاویر جاری کی ہیں (فوٹو ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خلیجی تعاون کونسل اور آسیان میں شامل مسلم ممالک کے وفود کے سربراہوں کے ہمراہ جمعے کی نماز ریاض سربراہ کانفرنس ہال میں ادا کی۔
خبررساں ادارے ایس پی اے نے ریاض سربراہ کانفرنس ہال میں نماز جمعہ کے مناظر کی تصاویر جاری کی ہیں۔
قبل ازیں شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے سربراہ کانفرنس کی صدارت کی اور افتتاحی اجلاس سے خطاب کیا۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے خطاب میں اس بات کا اعادہ کیا کہ ’فلسطینی کاز کے مستقل حل تک پہنچنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی ہر طرح سے حمایت کرتے ہیں‘۔
مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ان کا کہنا تھا ’فلسطین میں جاری عسکری کارروائیوں کو فوری طور پر روکنے اور وہاں مستقل بنیادوں پر امن اور فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘
علاوہ ازیں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جمعے کو ریاض میں جی سی سی، آسیان سربراہی اجلاس کے دوران آسیان کے رہنماوں سے ملاقات کی۔
سعودی ولی عہد سے برونائی دارالسلام کے سلطان،کمبوڈیا، ویتنام اور تھائی لینڈ کے وزرائے اعظم اور فلپائن کے صدر نے ملاقات کی۔