سعودی عرب اور جاپان کے تعلقات کو فروغ دینے پر سعودی مترجم کے لیے اعزاز
جاپان نے سعودی عرب کے ایک شہری کو کئی سالوں سے مترجم کے طور پر کام کرنے پر خصوصی اعزاز سے نوازا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملی ہے۔
عرب نیوز جاپان کے مطابق وزیر خارجہ کی جانب سے یہ اعزاز ایک فری لانس مترجم عمر رشید التمراح کو حالیہ دنوں ریاض میں ان کی رہائش پر سعودی عرب میں جاپان کے سفیرفومیو ایوائی کی جانب سے منعقدہ خصوصی استقبالیہ میں دیا گیا۔
عمر رشید التمراح نے حکومت کے قائم کردہ ایک پروگرام کے تحت ویسیڈا یونیورسٹی میں جاپانی زبان کی تعلیم حاصل کی۔
1990 میں سعودی عرب واپسی کے بعد عمر رشید التمراح نے متعدد جاپانی اداروں کے لیے بطور ترجمان کام کیا۔
اپنی تقریر میں فومیو ایوائی نے کہا کہ ’عمر رشید التمراح نے جاپان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے جس میں 1998 میں ریاض کے اس وقت کے گورنر شاہ سلمان کے دورہ جاپان کے دوران ترجمان کے طور پر ان کا کردار اور سابق وزیراعظم شنزو آبے کا 2013 میں مملکت کا دورہ بھی شامل ہے۔‘
جاپانی سفیر نے جاپان کی نجی کمپنیوں اور سرکاری اداروں کے بارے میں وسیع معلومات کے لیے التمراح کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے باہمی اعتماد کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان ہموار مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اپنی تقریر میں عمر رشید التمراح نے ایوارڈ کے لیے جاپان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
استقبالیہ تقریب میں جاپان سے کئی کاروباری شخصیات موجود تھیں۔