سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو جاپان کے وزیر اعظم فومیو کیشیدا نے ٹیلی فون کیا ہے۔
عرب نیوز نے ایس پی اے کے حوالے سے بتایا ٹیلی فونک رابطے کے دوران دونوں رہنماوں نے غزہ میں فوجی کشیدگی میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی ولی عہد نے اس بات پر زور دیا کہ ’سعودی عرب غزہ میں شہریوں کو نشانہ بنانے کو ایک گھناونا جرم اور وحشیانہ حملہ سمجھتا ہے‘۔
انہوں نے وہاں کے شہریوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے فوجی کارروائیوں کو روکنے، علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی، امن و استحکام پر اس کے خطرناک اثرات سے بچنے کےلیے کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں کو مستحکم بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے سات اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد غزہ کی پٹی کو سیل کردیا تھا اور اس کے 2.3 ملین لوگوں کےلیے خوراک، پانی، دواوں اور ایندھن کا داخلہ روک دیا تھا۔