غزہ کے پناہ گزین کیمپ میں حماس کے ایک ہدف کو نشانہ بنایا: اسرائیلی فوج
غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے کہا کہ اسرائیلی حملے میں ہلاک ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے غزہ کے پناہ گزین کیمپ میں حماس کے ایک ہدف کو نشانہ بنایا جس میں غزہ کی وزارت صحت کے مطابق پیر کو دیر گئے درجنوں افراد ہلاک یا زخمی ہوئے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اس حملے کا نشانہ غزہ کے الشطی کیمپ میں حماس کے لیے ایک سٹیجنگ گراؤنڈ تھا، جو بحیرہ روم کے ساحل سے متصل ہے۔ تاہم ترجمان نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
فیس بک پر ایک بیان میں غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے کہا کہ اسرائیلی حملے میں ہلاک ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
فلسطینی میڈیا نے بتایا کہ کیمپ میں پانچ افراد ہلاک ہوئے۔ روئٹرز فوری طور پر ان خبروں کی تصدیق نہیں کر سکا۔
اس سے قبل پیر کو غزہ کی وزارت صحت نے کہا کہ تھا کہ اسرائیل کے غزہ پر سات اکتوبر سے جاری حملوں میں 2055 بچوں سمیت کم از کم پانچ ہزار 87 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں اور زخمیوں کی تعداد 15 ہزار 273 ہے۔
دوسری طرف اقوام متحدہ کی ایجنسی کے مطابق پیر کو مصر کے رفح کراسنگ سے 20 مزید ٹرک امدادی سامان لے کر غزہ پہنچے۔ پیر ہی کو مصر کی رفح بارڈر کراسنگ کے ذریعے پیر کو ایک اور امدادی قافلہ غزہ کی پٹی میں داخل ہوا۔
تیسرے امدادی قافلے میں رفح چیک پوائنٹ عبور کرنے والے امدادی سامان کے ٹرک تقریباً 12 سے زائد بتائے گئے ہیں۔
اس موقع پر مصری ریڈ کراس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ سنیچر اور اتوار کو غزہ میں داخل ہونے والے ٹرکوں کی تعداد 34 تھی۔