جنوبی کوریا کے صدر کی اہلیہ نے ریاض میں پودا لگایا
جنوبی کوریا کے صدر کی اہلیہ نے ریاض میں پودا لگایا
بدھ 25 اکتوبر 2023 22:51
رائل کمیشن کے زیر اہتمام ایک تقریب کے دوران سائنٹیفک پارک میں پودا لگایا۔(فوٹو: عرب نیوز)
جنوبی کوریا کی خاتون اول کم کیون ہی نے سیول اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کی 61 ویں سالگرہ کی یاد میں ریاض میں ایک درخت لگایا ہے۔
کم کیون، جنہوں نے حال ہی میں اپنے شوہر، صدر یون سک یول کے ساتھ مملکت کا دورہ کیا، نے ریاض سٹی کے رائل کمیشن کے زیر اہتمام ایک تقریب کے دوران سائنٹیفک پارک میں پودا لگایا۔
عرب نیوز کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے دوران، صدر یون نے مملکت کے وژن 2030 کے لیے اپنی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا اور ولی عہد کی قیادت میں ہونے والی متاثر کن پیش رفت کا اعتراف کیا۔
جنوبی کوریا کے صدر نے 2034 ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کی بولی کا بھی خیر مقدم کیا۔ فریقین نے سعودی وژن 2030 کے اصلاحاتی منصوبے میں بیان کردہ اہداف کے حصول میں سعودی کوریا مشترکہ وژن 2030 کمیٹی کے اہم کردار کی تعریف کی۔
سائنٹیفک پارک میں خاتون اول کا استقبال ریاض کے میئر شہزادہ فیصل بن عبدالعزیز بن عیاف اور ریاض سٹی کے رائل کمیشن میں گرین ریاض کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عبدالعزیز المقبل نے کیا۔
کم کیون نے گرین ریاض پراجیکٹ اور معیار زندگی کو بڑھانے پر اس کے مثبت اثرات کے بارے میں بریفنگ حاصل کی۔
انہیں ریاض میں ہونے والی نمایاں ترقی اور شہر میں جاری مختلف میگا پراجیکٹس کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
جنوبی کوریا کی جانب سے سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ کے گرین انیشیٹوز کے لیے بھی اپنی حمایت کا اظہار کیا گیا۔
گرین ریاض دارالحکومت کے ان میگا پراجیکٹس میں سے ایک ہے جو شاہ سلمان نے پورے دارالحکومت میں 7.5 ملین درخت لگانے کے ہدف کے ساتھ شروع کیے ہیں، جس سے سبز جگہ کا فی کس حصہ 1.7 مربع میٹر سے بڑھا کر 28 مربع میٹر ہو گیا ہے۔
یہ منصوبہ سعودی گرین انیشیٹو اور وژن 2030 کے اہداف میں سے ایک کے حصول میں بھی حصہ ڈالتا ہے جو کہ آنے والی دہائیوں میں مملکت میں 10 بلین درخت لگانا ہے۔