بارش کا سلسلہ جاری، کن علاقوں میں آج تعلیمی ادارے بند رہیں گے؟
اتوار 29 اکتوبر 2023 0:00
بارش کا سلسلہ منگل تک جاری رہنے کا امکان ہے ( فوٹو: اخبار 24)
سعودی قومی مرکز برائے موسمیات نے مملکت کے بیشتر علاقوں میں منگل تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
مرکز کی جانب سے جاری رپوٹ میں کہا گیا کہ’ بارش کا آغاز جمعہ 27 اکتوبر سے ہوگا جو منگل تک جاری رہے گا‘۔
رپورٹ کے مطابق مدینہ منورہ ریجن کے علاقے المھد، وادی الفرع ، العیص، بدر، خیبر، الحناکیہ، العلا، ینبع کےعلاوہ حائل ، الغزلہ، الشملی، الحائط، الشنان، بقعا، سمیرا، تبوک، تیما، حقل، املج، الوجہ، ضبا، سکاکا، دومہ الجندل، طبرجل اور القریات میں بارش کا امکان ہے۔
موسمیاتی رپورٹ میں توقع ظاہر کی گئی کہ رواں ہفتے سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ آئندہ ہفتے کے اختتام تک جاری رہے گا۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے’ موسمیات کے قومی مرکز کی رپورٹ کی بنیاد پر اتوار کو مکہ مکرمہ، الجموم، الکامل، بحیرہ، جدہ، رابغ، طائف، حائل، عسیر، ینبع، العلا، القنفودہ، اللیث، الباحہ اور خلیص کے تعلیمی ادارے بند رہیں گے تاہم تدریس کا سلسلہ آن لائن ’مدرستی’ پلیٹ فارم کے ذریعے جاری رہے گا۔
سرت عبیدہ، ظہران الجنوب، رجال المع، اور النماض میں بھی آن لائن تدریس کا اعلان کیا گیا ہے۔
جدہ یونیورسٹی، ام القری اور طیبہ یونیورسٹی میں بھی اتوار کو کلاسز معطل رہیں گی۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے حوالے سے شہری دفاع اورہ میونسپلٹی نے حفاظتی اقدامات مکمل کرلیے۔
یاد رہے کہ سعودی قومی مرکز برائے موسمیات نے مملکت کے بیشتر علاقوں میں منگل تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
علاوہ ازیں کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ جدہ کا کہنا ہے کہ’ موسم کی صورتحال کے باعث کچھ پروازیں تاخیر کا شکار ہوسکتی ہیں‘۔
مسافروں سے کہا گیا کہ ’وہ پروازوں کے شیڈول کے لیے ایئر لائنز سے رابطہ کریں‘۔