Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا ورلڈ کپ میں ناقابل تسخیر، انگلینڈ کو 100 رنز سے شکست

جسپریت بمراہ نے انگلش اوپنر ڈیوڈ مالان کو بولڈ کرنے کے ساتھ ساتھ صفر پر جو رُوٹ بھی آؤٹ کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 29 ویں میچ میں انڈیا نے انگلینڈ کو 100 رنز سے شکست دے دی ہے۔
230 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 35 ویں اوور میں 129 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ لیام لیونگ سٹون نے سب سے زیادہ 27 رنز بنائے جبکہ انڈیا کی جانب سے محمد شامی نے چار اور جسپریت بمراہ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اتوار کو لکھنؤ میں ہونے والے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد انڈیا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے۔
انڈیا کی جانب سے کپتان روہت شرما نے 87، سوریا کمار یادو نے 49 اور کے ایل راہُل نے 39 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی طرف بولنگ کرتے ہوئے ڈیوڈ وِلی تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے نمایاں رہے جبکہ کرس ووکس اور عادل رشید نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں آج اپنا چھٹا میچ کھیل رہی تھیں۔
میگا ایونٹ میں انڈیا نے اب تک چھ میچ کھیل چکا ہے جس میں وہ تمام میچوں میں ناقابلِ شکست رہا ہے جبکہ انگلینڈ کو چھ میں سے پانچ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اس میچ کے لیے انڈین ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
ہاردک پانڈیا کو بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں ٹخنے میں انجری ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔
انڈیا اور انگلینڈ اب تک ون ڈے ورلڈ کپ میں نو مرتبہ آمنے سامنے آ چکے ہیں جس میں چار مرتبہ انگلینڈ اور چار مرتبہ انڈیا کو جیت حاصل ہوئی جبکہ ایک میچ برابر رہا۔
اگر دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے میچوں کی تاریخ کی بات کی جائے تو اب تک انڈیا اور انگلینڈ 107 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں جس میں 58 مرتبہ انڈیا اور 44 مرتبہ انگلینڈ کو جیت حاصل ہوئی ہے جبکہ دو میچ برابر اور تین میچ بے نتیجہ رہے ہیں۔
انگلینڈ کی پلیئنگ الیون
انگلینڈ کی ٹیم میں جونی بیئرسٹو، ڈیوڈ مالان، جو رُوٹ، بین سٹوکس، جوز بٹلر (کپتان)، لیام لیونگسٹن، معین علی، کرس ووکس، ڈیوڈ وِلی، عادل رشید، مارک وُڈ شامل ہیں۔
انڈیا کی پلیئنگ الیون
انڈیا کی پلیئنگ الیون میں روہت شرما (کپتان)، شبھمن گِل، وراٹ کوہلی، شریاس ایئر، کے ایل راہُل (وکٹ کیپر)، سوریا کمار یادو، رویندرا جڈیجہ، محمد شامی، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادو، محمد سراج شامل ہیں۔

شیئر: