پاکستان کےعلاقے سوات میں 550 ونٹر بیگ تقسیم، یمن میں بھی امدادی سرگرمیاں
پاکستان کےعلاقے سوات میں 550 ونٹر بیگ تقسیم، یمن میں بھی امدادی سرگرمیاں
بدھ 1 نومبر 2023 19:34
امدادی سامان سے تین ہزار 850 ضرورت مند افراد نے فائدہ اٹھایا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا اور یمن کے متعدد علاقوں میں امدادی سامان کی تقسیم اورعلاج معالجے کی سہولت فراہم کررہا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق شاہ سلمان مرکز کے ماتحت موبائل میڈیکل کلینکس نے یمنی کمشنری حجہ کے ضلع عبس میں مریضوں کو طبی معائنے اور انہیں علاج کی سہولتیں مہیا کیں۔ 18 سے 24 اکتوبر کے دوران 217 مریضوں نے کلینکس سے رجوع کیا۔
شاہ سلمان مرکز نے الحدیدۃ کمشنری کے الخوخہ اورعیس اضلاع میں 2123 فوڈ باسکٹس تقسیم کی ہیں جن سے 14 ہزار 800 افراد کو فائدہ پہنچا۔ کھانے پینے کا سامان انتہائی ضرورت مند افراد کو فراہم کیا گیا۔
شاہ سلمان مرکز یمن میں نقل مکانی کرنے اور ملکی حالات سے متاثرہ افراد کی زندگی بچانے کے لیے غذائی امداد منصوبے کا دوسرا مرحلہ نافذ کررہا ہے۔
شاہ سلمان مرکز نے یمنی کمشنری حضر موت کے شہر سیئون میں مصنوعی اعضا مرکز بھی قائم کیا ہے جس سے اگست 2023 کے دوران 308 ایسے یمنی شہریوں نے استفادہ کیا جو اپنے اعضا سے محروم ہوگئے تھے۔
علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز نے پاکستان کے علاقے سوات میں 550 ونٹر بیگ تقسیم کیے جن سے سیلاب سے متاثرہ سرد علاقوں کے تین ہزار 850 ضرورت مند افراد نے فائدہ اٹھایا۔
شاہ سلمان مرکز پاکستان میں امدادی پروگرام 2024-2023 کا دوسرا مرحلہ نافذ کررہا ہے۔ اس کے تحت سردی سے بچاؤ کا سامان، خیمے اور کھانے پینے کی اشیا فراہم کی جارہی ہیں۔