جدہ اسلامی بندرگاہ دس عالمی پورٹس سے منسلک، جہاز رانی کے نئے روٹ کا افتتاح
جہاز راں کمپنی ایم ایس سی نے نئے روٹ کا اضافہ کیا ہے(فائل فوٹو ٹوئٹر)
سعودی پورٹس جنرل اتھارٹی (موانی) نے کہا ہے کہ جدہ اسلامی بندرگاہ کو دس بین الاقوامی پورٹس سے منسلک کرنے کے لیے جہاز رانی کے نئے روٹ کا افتتاح کیا گیا ہے۔
بحیرہ روم جہاز راں کمپنی ایم ایس سی نے نئے روٹ کا اضافہ کیا ہے۔ یہ کارگو اور سمندری خدمات کے سلسلے میں نمایاں نام ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق جہاز راں کمپنی ایم ایس سی سعودی عرب کی تمام بندرگاہوں سے درآمدات و برآمدات کا دائرہ وسیع کرنے اور سعودی مارکیٹ میں سہولتوں کے فروغ کی طویل المیعاد پالیسی پرگامزن ہے۔
جہاز رانی کے نئے روٹ کے باعث جدہ اسلامی بندرگاہ کولمبو، صلالہ، کنگ عبداللہ پورٹ، ویلنسیا، روٹرڈیم، ہیمبرگ اور اینٹورپ وغیرہ سے منسلک ہو گی۔ گیارہ بڑے جہاز ان بندرگاہوں کے درمیان چلیں گے۔ ہر جہاز پر 14 ہزار کنٹینرز کی گنجائش ہوگی۔
توقع ہے کہ پہلا جہاز انڈیا سے روانہ ہوگا اور 23 اکتوبر کو جدہ پہنچے گا۔ یورپی ممالک سے پہلا جہاز 26 اکتوبر کو جدہ آئے گا۔
جہاز رانی کے نئے روٹ کا افتتاح اس بات کا ثبوت ہے کہ جدہ اسلامی بندرگاہ مملکت میں کنٹینرزکے حوالے سے سب سے بڑی بندرگاہ ہے۔
جدہ اسلامی بندرگاہ کو متعدد خصوصیات نے خطے سمیت دنیا کی اہم بندرگاہ بنادیا ہے۔ اسے بحیرہ احمر کی بندرگاہوں میں اہم مقام حاصل ہوگیا ہے۔
عالمی بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کنٹینرز کے گراف میں جدہ بندرگاہ کا نمبر پوری دنیا میں 8 واں ہے۔