اگر اچانک بریک فیل ہو جائے تو سب سے پہلے انتباہی لائٹس آن کریں (فائل فوٹو: شٹرسٹاک)
ایک گاڑی کو کنٹرول کرنے میں اگرچہ مختلف پُرزوں کا اہم کردار ہوتا ہے جیسا کہ اگر گاڑی کی کلچ پلیٹس ٹُوٹ جائیں تو آپ کے لیے گاڑی کو کنٹرول کرنا مشکل ہو جاتا ہے اور بریک فیل ہو جائے تو آپ کی جان بھی جا سکتی ہے۔
بریک گاڑی کو کنٹرول کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ تصور کریں اگر آپ کی گاڑی کی بریک اچانک فیل ہو جائے تو آپ کیا کریں گے؟
’بریکس ٹوگو‘ نامی ویب سائٹ نے اس حوالے سے اہم معلومات پیش کی ہیں جن کے بارے میں ہر اس شخص کو آگاہ رہنا چاہیے جو گاڑی چلاتا ہے کیونکہ یہ صورت حال کسی کے ساتھ بھی اور کبھی بھی پیش آسکتی ہے۔
بریکس فیل ہونے پر گاڑی کو کیسے روکیں؟
گاڑی کے ہزرٹ آن کریں
گاڑی چلاتے ہوئے اگر اچانک بریک فیل ہو جائے تو ان حالات میں پریشان مت ہوں بلکہ اپنے اوسان بحال رکھتے ہوئے سب سے پہلے گاڑی کی انتباہی لائٹس، جنہیں ہزرٹ بھی کہتے ہیں، آن کریں۔
اس سے دوسری گاڑیوں والے محتاط ہو جائیں گے اور وہ آپ کی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں گے۔
بریک پیڈ کو بار بار دبائیں
بریک پیڈ کو بار بار دباتے رہیں اس سے وہ گاڑی والے جو آپ کے عقب میں آ رہے ہیں، کو یہ اشارہ ملے گا کہ آپ کی گاڑی کے ساتھ کوئی مسئلہ درپیش ہے۔
بریک پیڈ کو بار بار دبانے سے بریک لائٹس آن آف ہوں گی جس سے پیچھے آنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز محتاط ہو جائیں گے۔
یہ امکان بھی موجود ہے کہ بریک پر بار بار دباؤ بڑھانے سے بریک کسی حد تک کام کرنا شروع کر دے تو آپ کسی بھی حادثے سے بچ جائیں گے۔
ہینڈ بریک کا استعمال
ہینڈ بریک کو آہستہ آہستہ کھینچیں۔ آپ کی گاڑی میں اگر ایمرجنسی بریک بائیں جانب نیچے پیڈ کی صورت میں ہے تو اس صورت میں بھی اسے آہستہ آہستہ دبائیں۔
پوری قوت سے ایمرجنسی بریک لگانے سے گاڑی کے اُلٹ جانے کا خدشہ ہوتا ہے جس سے گاڑی ٹریک سے نکل بھی سکتی ہے۔
پارکنگ بریک کام نہ کرنے پر
بریک کام نہ کرنے کی صورت میں اگر آپ کی گاڑی مینوئل ہے تو فوری طور پر اس کی رفتار کم کرنے کے لیے گیئر کو تبدیل کریں۔
آٹومیٹک ٹرانسمیشن گاڑی ہونے کی صورت میں ایکسلیٹر سے پاؤں کو ہٹا لیں جس سے گاڑی کی رفتار کم ہونے لگے گی۔
کم خطرے والے مقام کی جانب جائیں
آپ اگر کسی ایسے مقام پر ہوں جہاں سے آپ کسی ایسی جگہ گاڑی کو موڑ سکتے ہوں جہاں لوگوں کی آمدورفت نہ ہو یا غیرآباد جگہ ہو تو وہاں گاڑی لے جائیں۔
کوشش کریں کہ گاڑی کی رفتار کم ہوتے ہی فوری طور پر گاڑی کو اس مقام کی جانب لے جائیں جو خالی ہو تاکہ گاڑی کو ممکنہ حادثے سے محفوظ رکھا جا سکے۔
گاڑی کے انجن کو بند کرنا
گاڑی کے انجن کو فوری طور پر بند کرنے سے آپ کو مشکل صورت حال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ بیشتر گاڑیوں کے سٹیئرنگ ہائیڈرالک ہوتے ہیں اور گاڑی بند ہونے کی صورت میں سٹیئرنگ بھی لاک ہو جاتا ہے۔
اس صورت میں آپ گاڑی پر اپنا کنٹرول کھو دیں گے اس لیے جب تک گاڑی مکمل طور پر رُک نہ جائے، گاڑی کا انجن بند کرنے سے گریز کریں۔