سردیوں میں گاڑی کے کیمرے اور سینسر کو کیسے محفوظ رکھا جائے؟
جمعرات 3 دسمبر 2020 20:37
ماہرین کے مطابق بغیر کسی وجہ کے وائپرز کا چلنا ونڈ شیلڈ پر برف و نمک کے ذرات کی نشاندہی ہے۔ فوٹو: ان سپلیش
جرمنی کے آٹو موبائل کلب اے ڈی اے سی کے مطابق کار میں موجود معاون نظام کے کیمرے اور سینسر موسم سرما میں ان پر برف اور نمک کی باقیات جمع ہونے سے خراب ہو سکتے ہیں، جو ان کے کام کرنے میں رکاوٹ بنتے ہیں۔
جرمن ماہرین نے وضاحت کی کہ بغیر کسی وجہ کے ونڈشیلڈ وائپرز کا کام کرنا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ونڈشیلڈ کے اوپری حصے میں بارش کے سینسر برف یا دیگر گند سے ڈھکے ہوئے ہیں۔
لین کیپنگ سسٹم یا ایمرجنسی بریکنگ سسٹم کیمروں کی بہتر کارکردگی کے لیے شیشوں کا صاف ہونا ضروری ہے۔ اکثر سردیوں میں کیمرا لینس نمک یا دوسری گند وغیرہ سے چھپ جاتا ہے۔
ماہرین ایسی صورت حال میں مشورہ دیتے ہیں کہ ان آلات کی دیکھ بھال کرتے رہیں جس میں پانی سے دھونا وغیرہ شامل ہے۔ اسی طرح سکرین پر برف جم جانے کی صورت میں اسے اچھی طرح کھرچ دیں۔
ماہرین ایسے حالات میں گرم پانی کے استعمال سے روکتے ہیں کیونکہ اس سے شیشے کو نقصان ہو سکتا ہے۔ اسی طرح ان آلات پر زیادہ وزن ڈالنا بھی نقصان دہ ہوتا ہے۔ اس سے کیمرے خراب ہو سکتے ہیں۔ ایسے آلات سے برف کھرچنے میں بھی احتیاط کریں، البتہ سپرے اس کے لیے مفید ہو سکتا ہے۔
شیشوں کو صاف رکھنے کے لیے آٹو سپلائی سٹورز میں دستیاب خصوصی کلینر استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ اس بارے میں گھریلو مصنوعات کو استعمال کرنے کی بھی ممانعت ہے، کیونکہ یہ ایسے آلات کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ریڈار پر مبنی نظام جیسے ڈیڈ اینگل وارننگ، گندگی سے کم متاثر ہوتے ہیں۔