Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آپ کی گاڑی آپ کو ہارٹ اٹیک سے محفوظ رکھ سکتی ہے مگر کیسے؟

سیٹ میں نصب حساس سینسرز ڈرائیور کے دل کی حرکت کو مستقل ریکارڈ کرتے ہیں (فوٹو: فری پک)
آپ کی گاڑی آپ کو ہارٹ اٹیک سے محفوظ رکھ سکتی ہے، جی ہاں آپ نے بالکل درست پڑھا۔ 
جدید ٹیکنالوجی کا استعمال گاڑیوں کی صنعت میں بڑھ گیا ہے جس کے ذریعے گاڑی میں سوار افراد کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
کار ساز کمپنیوں میں مسابقت کا رجحان بڑھ رہا ہے جس کے تحت ہرکمپنی جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے مثالی خدمات پیش کر رہی ہیں۔ 
گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کے درمیان جاری مسابقت نے نئی نئی دریافتوں کے در کھول دیے ہیں۔  کار کی صنعت سے وابستہ بڑی کمپنیاں جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے گاڑی کے ڈرائیورز کی صحت کا خیال رکھنے کے لیے خصوصی پروگرامز پر کام کر رہی ہیں۔ 
کارساز کمپنی کے ماہرین ڈرائیور کے لیے ایسی سیٹ تیار کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں جو ڈرائیور کے دل کی حرکت کو مستقل بنیاد پر نوٹ کرتی ہے جس کے لیے سیٹ میں چھ خصوصی آلات نصب کیے گئے ہیں۔ 
جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے جو پروگرام تیار کیا گیا ہے اس کے تحت سیٹ میں نصب حساس سینسرز ڈرائیور کے دل کی حرکت کو مستقل ریکارڈ کرتے ہیں۔
سینسرز کے ذریعے کوئی بھی غیرمعمولی صورتحال پیدا ہونے پر فوری طور پر ڈرائیورکو متنبہ کیا جاتا ہے۔ اگرڈرائیور کو دل کا دورہ پڑا ہو تو فوری طور پراس کی اطلاع متعلقہ ادارے کو ارسال کی جاتی ہے تاکہ اسے بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ 
ڈرائیونگ سیٹ پرجو خصوصی آلات نصب کیے گئے ہیں انہیں جسم کے کسی حصے پر پہننے کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ محض ڈرائیور کے سیٹ پربیٹھتے ہی حساس آلات اپنا کام شروع کر دیتے ہیں۔ 
اس جدید ٹیکنالوجی کا بنیادی ہدف وہ معمرڈرائیور ہیں جنہیں دل کا عارضہ کسی بھی وقت لاحق ہو سکتا ہے۔ ایک سروے کے مطابق سال 2050 تک دنیا میں 65 برس سے زائد عمر کے افراد کا تناسب 88.5 فیصد سے تجاوز کر جائے گا جو ڈرائیورنگ کرتے ہیں۔ 
ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امراضِ قلب کے مریضوں کا ٹریفک حادثات کا شکار تناسب عام افراد سے 23 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔ 

شیئر: