Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موسم سرما میں وزن گرمیوں کے مقابلے میں زیادہ کیوں بڑھتا ہے؟ 

وزن بڑھنے کے اسباب میں مٹھائی اور پروٹین سے بھرپور غذائیں وغیرہ شامل ہیں (فائل فوٹو: شٹرسٹاک)
اگرچہ جسمانی وزن میں معمولی کمی بیشی کوئی خاص فکر کی بات نہیں تاہم موسم سرما میں وزن میں تیزی سے ہونے والا اضافہ باعث تشویش بھی ہو سکتا ہے۔
اس سے صحت پر منفی اثرات بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔
عربی میگزین سیدتی کے مطابق طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ موسم گرما کے مقابلے میں خزاں اور موسم سرما میں عام طور پر لوگوں کے وزن میں اضافہ ہو جاتا ہے۔  

وزن کیوں بڑھتا ہے؟ 

عام طورپر سردیوں میں تعطیلات کی وجہ سے سماجی اور خانگی تقریبات ہوتی ہیں جہاں چٹخارے دار خوراک اور کیلوریز سے بھرپور مشروبات سے سجی میزیں دعوت طعام دے رہی ہوتی ہیں جن سے ہر کوئی شکم سیر ہوتا ہے۔ 
اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں وزن میں اضافے کا سبب زیادہ مقدار میں کھانا اور مشروبات کا استعمال ہے۔
وزن بڑھنے کے اسباب میں مٹھائی اور پروٹین سے بھرپور غذائیں وغیرہ بھی شامل ہیں۔ 
تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ تعطیلات کے دوران جاپانیوں میں وزن بڑھنے کا تناسب اعشاریہ پانچ فیصد کے قریب ریکارڈ کیا گیا۔
یورپ میں کی گئی ایک تحقیق میں یہ تناسب ایک اعشاریہ 35 فیصد تھا۔

جسمانی افعال میں تبدیلی 

تعطیلات کے دوران کیلوریز کی مقدار میں اضافے کے علاوہ بہت سے لوگ موسم سرما میں جسمانی مشقت کم کر دیتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی کیلوریز گھلنے کے بجائے جمع ہوتی رہتی ہیں جس کی وجہ سے ان کا وزن بڑھنے لگتا ہے۔ 
اس کی مزید وجوہات میں موسم کی تبدیلی، دن کے دورانیے کا مختصر ہو جانا اور سماجی سرگرمیاں محدود ہونے کے علاوہ جسمانی مشقت میں کمی ہونا بھی شامل ہے۔
اس حوالے سے 18 ممالک کے نو ہزار 300 افراد کو شارٹ لسٹ کرتے ہوئے ان کی روزمرہ سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا اور معلوم کیا گیا کہ موسم سرما میں ان کی جسمانی مشقت میں موسم گرما کے مقابلے میں کمی واقع ہوئی۔ بالخصوص ان ممالک کے لوگوں میں جہاں موسم سرما شدید ہوتا ہے۔

تعطیلات کے دوران جاپانیوں میں وزن بڑھنے کا تناسب اعشاریہ پانچ فیصد کے قریب ریکارڈ کیا گیا (فائل فوٹو: پکسابے)

وزن میں اضافے کے دیگر اسباب

کچھ لوگ ’سیزنل ایفیکٹیوڈس آرڈر‘ (ایس اے ڈی) کا شکار ہوتے ہیں جسے ’ونٹربلوز‘ بھی کہا جاتا ہے۔ ہوسکتا ہے آپ کو ’ایس اے ڈی‘ یعنی سیزنل ایفیکٹیوڈس آرڈر‘ کے بارے میں جاننے میں دلچسپی ہو؟ 

سیزنل ایفیکٹیوڈس آرڈر

’ایس اے ڈی‘ ایک طرح کا ڈپریشن ہے جو مخصوص عمر میں محدود وقت کے لیے ہوتا ہے۔ عام طور پر اس کا حملہ موسم سرما میں ہوتا ہے ۔  
ڈپریشن کا یہ حملہ موسمی اثرات کے اعتبار سے ہلکا اور زیادہ ہو سکتا ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ یہ زندگی پر بڑی حد تک اثر انداز بھی ہو۔ 

موسمی ڈپریشن کی علامات 

۔ توانائی میں کمی  
۔ اداسی  
۔ تھکان یا زیادہ نیند آنا 
۔ زیادہ بھوک لگنا  
۔ کاربوہائیڈریٹ سے بھرپور خوراک اور مٹھائی کھانے کی رغبت میں اضافہ ہونا۔ 

شیئر: