سعودی عرب میں مقامی سطح پر تیار کردہ کاریں برآمد کرنے کےلیے اقدامات
سعودی حکومت مقامی آٹو سیکٹر کی سپورٹ کےلیے کر رہی ہے ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کی آٹو موٹیو کمپنیاں جلد مقامی حکام کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف انیشیٹوز کے تحت عالمی منڈیوں تک اپنی رسائی کو بڑھانے کے قابل ہو جائیں گی۔
عرب نیوز کے مطابق اس بات کا اعلان نیشنل انڈسٹریل ڈویلپمنٹ سینٹر کے سی ای او خلیل بن سلمہ نے کنگ عبداللہ اکنامک سٹی میں آٹو کنیکٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی سعودی تیار کردہ کاروں کو برآمد کرنے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے‘۔
خلیل بن سلمہ نے کہا کہ ’ یہ اقدام مملکت کی نئی صنعتوں کو تیار کرنے کی پالیسی سے مطابقت رکھتا ہے جو بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرتی اور نجی شعبے کو بااختیار بناتے ہوئے مقامی ہنرمندوں کے لیے ملازمتیں پیدا کرتی ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی آٹو سیکٹر کی مقامی طلب کو پورا کرنے میں مدد کے علاوہ اپنی مصنوعات کو علاقائی اور عالمی منڈیوں میں برآمد کرنے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔
فورم کے بارے میں بات کرتے ہوئے سعودی سرمایہ کاری کے لین دین کے نائب وزیر صالح الخبتی نے کہا کہ فورم نے سیکٹر میں کئی مواقع کے دروازے کھول دیے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ’ آٹو کنیکٹ فورم محض ایک تقریب نہیں ہے۔ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو تعاون اور شراکت داری کے جذبے کی مثال دیتا ہے۔ آج، ہم سرمایہ کاری کے مواقع پر بات کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں جو تعاون کو فروغ دیتے ہیں‘۔
دو روزہ فورم میں بہت سی ورکشاپس اور اس کے ساتھ ہونے والی کانفرنس کی تنظیم شامل ہو گی جس میں صنعت کے مستقبل پر ڈائیلاگ سیشنز اور آٹوموٹیو پرزوں کی تیاری میں امید افزا مواقع شامل ہیں۔
مزید برآں، فورم، جس میں متعدد شعبوں میں 300 سے زائد غیر ملکی اور مقامی کمپنیوں کو راغب کرنے کی توقع ہے، مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کی حمایت کرنا چاہتی ہے جس کا مقصد ایک جدید صنعتی بنیاد قائم کرنا اور آٹوموبائل سیکٹر کو مزید آگے بڑھانا ہے۔