وفاقی حکومت نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو خدمات کی فراہمی کے لیے پولیس خدمت مرکز کے بعد اسلام آباد کی انتظامیہ کے تمام دفاتر تک رسائی کے لیے سپورٹ ڈیسک قائم کیے ہیں جن کے باعث اوورسیز پاکستانیوں کے بہت سے مسائل حل ہو پائیں گے۔
اوورسیز پاکستانیوں کو ہمیشہ یہ شکایت رہی ہے کہ ملک میں سرکاری ادارے ان کے ساتھ وہ تعاون نہیں کرتے جو وہ چاہ رہے ہوتے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
او پی ایف مانیٹرنگ سیل: اوورسیز اپنی شکایت کیسے درج کرائیں؟Node ID: 792381
ان شکایات کے ازالے کے لیے محکمۂ پولیس میں پہلے ہی خدمت مرکز قائم کیا جا چکا ہے اور اب کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور متعلقہ سرکاری اداروں کے مددگار ڈیسک قائم کیے جا چکے ہیں۔
اسلام آباد پولیس، محکمۂ ریوینیو، سی ڈی اے اور آئی سی ٹی انتظامیہ سمیت متعلقہ حکام پر مشتمل ایک ٹیم سمندر پار پاکستانیوں کی مدد اور سروس کاؤنٹرز پر خدمات فراہم کرنے کے لیے موجود ہے۔
حکام وزارت سمندر پار پاکستانیز کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے تحفظات کو دور کرنے، سرکاری اداروں میں ان کے ساتھ تعاون بڑھانے اور مسائل کے حل کے لیے اسلام آباد انتظامیہ کے دفاتر میں ’اوورسیز پاکستانیوں کے لیے سپورٹ ڈیسک‘ قائم کیے گئے ہیں۔‘
’ان کے تحت متعلقہ اداروں میں ون ونڈو کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔‘
حکام کے مطابق وزارت اوورسیز اور سی ڈی اے کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں قائم ہونے والے سہولت ڈیسک سمندر پار پاکستانیوں کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔
سی ڈی اے سہولت ڈیسک پر دستیاب خدمات
ڈیسک پر اوورسیز پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ سی ڈی اے کے سہولت ڈیسک پر جن اہم امور میں خدمات فراہم کی جائیں گی، ان میں اسٹیٹ مینجمنٹ، بلڈنگ کنٹرول، اراضی سے متعلق خدمات اور دیگر امور شامل ہیں۔

ون ونڈو آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کے تحت سی ڈی اے میں نارمل ٹرانسفر، اورل گفٹ، سیل ڈیڈ کیسز میں ٹائٹل کی تبدیلی وغیرہ کے ذریعے رہائشی پلاٹوں کے انتقال کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
اسی طرح اگر بیرون ملک مقیم کسی بھی پاکستان کی پراپرٹی سی ڈی اے کی منظور شدہ ہاؤسنگ سکیم/سوسائٹی میں واقع ہے تو پلاٹ کے لیے بلڈنگ پلانز کی منظوری یا اپنی عمارت/گھر کی تکمیل کے لیے سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کے لیے سہولت ڈیسک کے ذریعے درخواست دی جا سکے گی۔
اسی طرح اراضی کے حصول، ترقیاتی کاموں اور سی ڈی اے کی مختلف سکیموں کے معاملات میں اوورسیز پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اوورسیز پاکستانی میونسپل حدود میں آنے والے تمام ترقی یافتہ سیکٹرز کے لیے حکومت کی منظور شدہ شرح کے مطابق سالانہ پراپرٹی ٹیکس اور سہ ماہی واٹر اینڈ الائیڈ چارجز بھی ان کاؤنٹرز پر جمع کروا سکیں گے۔
اسلام آباد انتظامیہ سہولت ڈیسک پر دستیاب خدمات
حکام کے مطابق ان سپورٹ کاؤنٹرز پر بین الاقوامی ڈرائیونگ پرمٹ، اسلحہ لائسنس اور ڈومیسائل وغیرہ بغیر کسی پریشانی کے جاری کیے جائیں گے۔
