Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوگل کا لاکھوں اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے کا فیصلہ، کیا آپ کا اکاؤنٹ بھی شامل ہے؟

گوگل کے غیر فعال اکاؤنٹس کے ساتھ ان پر موجود مواد بھی ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
گوگل نے دسمبر میں لاکھوں ’جی میل‘ اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
این ڈی ٹی وی کے مطابق گوگل کی جانب سے دسمبر میں لاکھوں ایسے جی میل اکاؤنٹس ڈیلیٹ کر دیے جائیں گے جنہیں دو سال سے استعمال نہیں کیا گیا۔ 
گوگل پروڈکٹ منیجمنٹ کی نائب صدر رُتھ کریچلی نے کہا ہے کہ ’کمپنی کے صارفین کے اکاؤنٹس کو درپیش خطرے کو کم کرنے کے لیے غیر استعمال شدہ اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کرنے کا اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔‘
گوگل کی نائب صدر نے اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے کی پالیسی کے حوالے سے مزید بتایا کہ ’گوگل کے غیر فعال اکاؤنٹس کے ساتھ ان پر موجود مواد بھی ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔‘
’جن اکاؤنٹس پر دو سال سے (سائن اِن) نہیں کیا گیا انہیں ڈیلیٹ کرنے کے ساتھ جی میل، ڈرائیو، کلینڈر اور فوٹوز بھی ڈیلیٹ کر دی جائیں گی۔‘
رُتھ کریچلی نے اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے کی وجوہات بیان کرتے ہوئئے کہا کہ ’گوگل کے وہ غیر فعال اکاؤنٹس اکثر پرانے یا دوبارہ استعمال شدہ پاس ورڈز پر انحصار کرتے ہیں، ان پر ٹو وے اتھینٹیکیشن بھی نہیں ہوتی اور انہیں بآسانی ہیک کیا جا سکتا ہے۔‘
’ایک سروے کے مطابق غیر فعال اکاؤنٹس کی نسبت فعال اکاؤنٹس پر دس گنا زیادہ ٹو وے ویریفیکیشن موجود ہے۔‘
گوگل کی پروڈکٹ مینجمنٹ کی نائب صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’دوہری ویریفیکیشن کے بغیر اکاؤنٹس کو بآسانی نقصان پہنچایا جا سکتا ہے اور کسی کی بھی شناخت چھِن سکتی ہے۔‘

کن اکاؤنٹس کو پہلے ڈیلیٹ کیا جائے گا اور کون سے ایکٹو شمار کیے جائیں گے؟

گوگل پہلے ان اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کرے گا جنہیں دو سال سے استعمال نہیں کیا گیا۔ تاہم آرگنائزیشنز جیسے کہ سکول اور بزنس کے لیے استعمال کیے جانے والے اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ نہیں کیا جائے گا۔
گوگل کے مطابق ایسے اکاؤنٹس جنہیں دو سال میں کم از کم ایک بار سائن اِن کیا گیا ہے وہ فعال اکاؤنٹس میں شمار ہوں گے اور انہیں ڈیلیٹ بھی نہیں کیا جائے گا۔
جن گوگل اکاؤنٹس پر کوئی ای میل بھیجی یا پڑھی گئی، گوگل ڈرائیو استعمال کی گئی یا ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر ویڈیو دیکھی گئی وہ بھی ایکٹو اکاؤنٹس تصور کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ وہ اکاؤنٹس جن سے گوگل پلے سٹور سے کوئی ایپلیکیشن ڈاون لوڈ یا گوگل سرچ انجن میں کچھ سرچ کیا گیا ہووہ بھی ایکٹو یعنی فعال اکاؤںٹس میں شمار ہوں گے۔

شیئر: