واٹس ایپ کا نیا فیچر، ایک وقت میں ’دو اکاؤنٹس‘
جمعرات 19 اکتوبر 2023 17:18
دوسری جانب واٹس ایپ کی جانب خبردار کیا گیا ہے کہ اس سلسلے کے لیے واٹس ایپ کی آفیشل ایپ کو ڈاؤن لوڈ کیا جائے۔ (فوٹو: روئٹرز)
معروف میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے نیا فیچر ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں اب صارفین ایک وقت میں ایک ہی واٹس ایپ ایپلی کیشن پر ’دو اکاؤنٹس‘ یعنی فون نمبر چلا پائیں گے۔
فیس بک کی ویب سائٹ پر واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ کمپنی کی جانب سے ایک وقت میں دو اکاؤنٹس چلانے کے نئے فیچر کو متعارف کروایا جا رہا ہے۔
اس فیچر کے بعد صارفین کو دو اکاؤنٹس چلانے کے لیے واٹس ایپ کے ایک اکاؤنٹ سے لاگ آؤٹ ہونے کی دشواری کا مزید سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور صارفین اپنے دو اکاؤنٹس میں باآسانی ’سوئچ‘ کر سکیں گے۔
اسی طرح اس نئے فیچر کے بعد صارفین کو دو اکاؤنٹ چلانے کے لیے دو موبائل فون رکھنے کی جھنجھٹ سے بھی نجات مل جائے گی۔
واٹس ایپ پر دوسرے اکاؤنٹ کو ‘ایڈ‘ کرنے کے لیے ایپ کی سیٹنگ پر جا کر صرف ’ایڈ اکاؤنٹ‘ میں جانا ہوگا اور وہاں جا کر اپنے دوسرا واٹس ایپ اکاؤنٹ ایڈ کرنا ہوگا۔
اسی طرح دوسرے اکاؤنٹ پر بھی آپ اپنی مرضی کی نوٹیفیکیشن اور پرائیویسی سیٹنگ کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب واٹس ایپ کی جانب خبردار کیا گیا ہے کہ اس سلسلے کے لیے واٹس ایپ کی آفیشل ایپ کو ڈاؤن لوڈ کیا جائے اور ایک فون پر ایک سے زائد اکاؤنٹ کو چلانے کے لیے تھرڈ پارٹی یا فیک ایپس کو ڈاؤن لوڈ نہ کیا جائے۔
خیال رہے واٹس ایپ کا ایک اور آفیشل ورژن ’واٹس ایپ بزنس‘ بھی ہے جسے ڈاؤن لوڈ کر کے کاروباری معاملات کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔