Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ: بڑے مارجن سے شکست کا عزم، پاکستان کا انگلینڈ سے اہم مقابلہ آج کولکتہ میں

انگلیںڈ کے لیے اس میچ میں کامیابی 2025 میں پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں رسائی دلوا دے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 44ویں میچ میں پاکستان کا مقابلہ آج انگلینڈ سے ہوگا۔
سنیچر کو کولکتہ میں کھیلا جانے والے اس میچ میں جہاں پاکستان ٹیم کو ہر صورت کامیابی حاصل کرنی ہے وہیں گرین شرٹس کو یہ بات بھی یقینی بنانا ہوگی کہ وہ انگلینڈ کو 287 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیں۔
پاکستان اس وقت ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل پر 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جس کے بعد اُسے نیوزی لینڈ کو پوائنٹس ٹیبل پر پیچھے چھوڑنے اور کیویز کی جگہ سیمی فائنل میں جانے کے لیے انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کم سے کم 287 رنز سے ہرانا ہوگا۔
اگر پاکستان اس میچ میں پہلے بولنگ کرتا ہے تو پھر اُسے نیوزی لینڈ کے رن ریٹ کو پیچھے چھوڑنے کے لیے انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا کوئی بھی ہدف صرف 2.4 اوورز میں حاصل کرنا ہوگا۔
پاکستان نے اب تک میگا ایونٹ میں 8 میچ کھیلے ہیں جس میں اسے 4 میں جیت اور 4 میں شکست حاصل ہوئی ہے۔
اسی طرح انگلینڈ نے بھی ورلڈ کپ میں 8 میچ کھیلے ہیں جس میں انہیں 2 میچوں میں جیت اور 6 میں ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
انگلیںڈ کے لیے اس میچ میں کامیابی 2025 میں پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں رسائی دلوا دے گی۔
دوسری جانب پاکستان اور انگلیںڈ کے درمیان اب تک 91 ون ڈے میچ ہو چکے ہیں جس میں 32 مرتبہ کامیابی پاکستان اور 56 مرتبہ فتح انگلینڈ کے حصے میں آئی جبکہ 3 میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔

شیئر: