منشیات فروشی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری
منشیات فروشی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری
جمعہ 10 نومبر 2023 22:04
گیسٹ ہاوس میں منشیات فروشی کا اڈا قائم کرنےوالے 2 افراد گرفتار(فوٹو، ایکس)
مملکت کے مختلف ریجنز میں منشیات فروشی کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے عسیر، جازان، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجنوں میں حشیش، ممنوعی طبی گولیوں اور قات کے دھندے اورسمگلنگ کی کئی کوششیں ناکام بنادی گئیں۔
جازان ریجن میں سیکیورٹی گشتی فورس نے حشیش اور چوبیس ہزار ممنوعہ طبی گولیوں کے کاروبار پر ایک یمنی شہری اور ایک سعودی کو حراست میں لے لیا۔ دونوں ایک گاڑی میں حشیش اور ممنوعہ گولیاں چھپا کر لے جارہے تھے۔
اخبار 24 کے مطابق جازان ریجن کے الحرث سیکٹر میں سرحدی محافظوں کے بری گشتی دستے نے 58 کلو قات (نشہ آور پتے) سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
جازان ریجن کے سیکیورٹی گشتی دستے نے العارضہ کمشنری میں ایک مقامی شہری کو جو 60 کلو قات اپنی گاڑی سے لے کر جارہا تھا رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
جازان گشتی فورس نے گیارہ ایتھوپین دراندازوں کو بھی حراست میں لے لیا جو سراۃ عبیدۃ میں 428 کلو قات سمگل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔
عسیر ریجن میں سرحدی محافظوں نے 39 کلو گرام حشیش سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی۔ جبکہ نجران ریجن میں ایک یمنی در انداز اور دو سعودی شہریوں کو حشیش اور نشہ آور مادے کا دھندا کرتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔
ایک گیسٹ ہاؤس کو اڈے کے طور پر استعمال کررہے تھے ان کے قبضے سے ڈیڑھ کلو گرام حشیش اور نشہ آور مادہ برآمد کرلیا گیا۔
جازان ریجن کے الحرث سیکٹر میں سرحدی محافظوں نے 121 کلو گرام قات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
محکمہ انسداد منشیات نےجدہ میں ایک پاکستانی شہری کو جو 1.2 کلو گرام نشہ آور پاؤڈر کا دھندا کررہا تھا گرفتار کرلیا۔
محکمہ انسداد منشیات نے نشہ آور مادے کا دھندا کرنے والے دو سعودی شہریوں کو مدینہ منورہ میں گرفتار کیا۔