Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب اسلامی سربراہ اجلاس کا اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی روکنے کا مطالبہ: مشترکہ اعلامیہ

اعلامیے میں فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے شہریوں کے جبری انخلا کو مسترد کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
ریاض میں منعقدہ غیرمعمولی عرب اسلامی سربراہ اجلاس کے شرکا کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے اسے جنگی جرائم اور وحشیانہ قتل عام قرار دیا گیا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق سربراہ اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں فلسطین کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی کہ تمام مسلم ممالک ہر طرح سے اپنے برادر فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مشترکہ بیان میں غزہ میں فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے شہریوں کے جبری انخلا کے عمل کو رد کرتے ہوئے اسے ہر طرح سے ناقابل قبول قرار دیا گیا۔
کانفرنس کے شرکا نے فلسطین کے تمام مقبوضہ علاقوں کو آزاد کرانے اوران کے تمام حقوق خاص طور پر حق خود ارادیت کے لیے جد وجدہ میں ساتھ رہنے پر زور دیتے ہوئے 4 جون 1967 کی سرحدوں کو بحال کرنے کا مطابلہ کیا گیا جس کا درالحکومت ’بیت المقدس‘ ہوگا۔
عرب اسلامی کانفرنس کے اختتامی بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مسئلہ فلسطین کو پسِ پشت ڈالنے یا اسے نظرانداز کرتے ہوئے خطے میں مستقل بنیادوں پر امن قائم نہیں ہوسکتا۔ قیام امن کے لیے ضروری ہے کہ اس تنازع کو حل کیا جائے اور اہل فلسطین کو ان کا حق دیا جائے۔
اعلامیے میں واضح طور پر اسرائیل کو فلسطینی عوام کے حقوق کے خلاف کی جانے والی جارحیت کے نتیجے میں تنازع کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔
کانفرنس کے شرکا نے اپنے مشترکہ بیان میں غزہ کی پٹی میں فوری اور پائیدار امن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے غزہ میں مصر کی جانب سے امداد کی ترسیل کی کوششوں کو سراہا ۔
غزہ کا محاصرہ ختم کرنے اور وہاں فوری و ہنگامی بنیادوں پرخوراک، ادویات اور امدادی اشیا کی ترسیل پر پابندی اٹھانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس میں غزہ کا محاصرہ ختم کرنے اور امدادی اشیا کی ترسیل پر پابندی اٹھانے کا بھی مطالبہ کیا گیا (فائل فوٹو: اقوام متحدہ)

شرکا نے اس حوالے سے عالمی برادری کی توجہ اس جانب مبذول کراتے ہوئے مطالبہ کیا کہ قابض افواج کو ہتھیاروں اور گولہ باردو کی فراہمی فوری طورپرروکی جائے۔
ریاض میں منعقدہ ہنگامی عرب اسلامی سربراہ اجلاس کے اختتامی بیان میں سلامتی کونسل سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی جانب سے ہسپتالوں کو وحشیانہ انداز سے نشانہ بنانے کے حوالے سے فوری طور پر فیصلہ کن کردار ادا کرے تاکہ اس جارحیت کا سد باب کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ سنیچرکو ریاض میں غزہ کی پٹی کے حوالے سے عرب اسلامی غیر معمولی  سربراہ اجلاس منعقد کیا گیا جس میں شرکا نے متفقہ طور پر اس بات کی تائید کی کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جاری جارحیت کو فوری طور پر روکا جائے۔

شیئر: