اداروں کی ذمہ داری ہے سب کے لیے سانس لینا ممکن بنائیں: سعد رفیق
اداروں کی ذمہ داری ہے سب کے لیے سانس لینا ممکن بنائیں: سعد رفیق
اتوار 12 نومبر 2023 16:20
خواجہ سعد رفیق نے کہا ’یہ تمام اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ سب کے لیے سانس لینا اور مل کر کام کرنا ممکن بنائیں۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ’مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم وسائل کی منصفانہ تقسیم پر متفق ہیں۔‘
اتوار کو کراچی میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق، نہال ہاشمی اور بشیر میمن نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے مرکزی دفتر بہادر آباد میں ڈپٹی کنوینئر خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار اور دیگر رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کی ہے۔
دونوں جماعتوں کے وفود کی ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ’ضرورت اس امر کی ہے کہ مخلتف الخیال سیاسی جماعتیں مل بیٹھیں اور جہاں ممکن ہو انتخابی اتحاد بنائیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن کی ٹیمیں مشترکہ مقاصد کے لیے کام کر رہی ہیں۔ ہمارے درمیان سیٹوں کی تقسیم پر کوئی بات نہیں ہوئی۔‘
‘پرونشل فنانشل ایوارڈ اب حقیقت بن جانا چاہیے۔ مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم وسائل کی منصفانہ تقسیم پر متفق ہیں۔‘
خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ ’کراچی کو کھنڈر بنایا گیا۔ سندھ میں ایسا اتحاد بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے ناصرف کراچی بلکہ پورے ملک کو فائدہ پہنچے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ تمام اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ سب کے لیے سانس لینا اور مل کر کام کرنا ممکن بنائیں۔‘
’ہم نئے نظام عدل پر بھی بات کریں گے کہ ججز کی تقرریاں کیسے ہوں۔ ایسا نظام لایا جائے جس سے عام آدمی کو مفاد ملے۔ ہم بیوروکریسی میں اصلاحات اور احتساب کے عمل کو بھی شفاف بنانے پر تبادلۂ خیال کریں گے۔‘
اس موقعے پر ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ’وسائل کی منصفانہ تقسیم کے بعد پاکستان دنیا میں سر اٹھانے کے قابل ہو جائے گا۔ حکمران دوست آئین سے کام نہیں چلے گا۔ عوام دوست آئین ضروری ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جس طرح وفاق اور صوبوں کو آئینی تحفظ حاصل ہے، ہم یہ چاہتے ہیں اسی طرح بلدیاتی حکومتوں کو آئینی تحفظ حاصل ہو۔‘
’کسی کو مائنس کرنا مسلم لیگ ن کا ایجنڈا نہیں ہے‘
قبل ازیں کراچی میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ’کسی کو مائنس کرنا مسلم لیگ ن کا ایجنڈا نہیں ہے۔ ہم ان سب لوگوں کے شکرگزار ہیں جنہیں یقین ہو گیا ہے کہ نواز شریف وزیراعظم بنیں گے۔‘
واضح رہے کہ سات نومبر کو ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی لاہور میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ملاقات ہوئی تھی جس میں آئندہ عام انتخابات کے لیے سیاسی اتحاد بنانے پر بات چیت کی گئی تھی۔
نواز شریف سے ہونے والی ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال شامل تھے۔