اسرائیلی طیاروں کی شام میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری
اسرائیلی طیاروں کی شام میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری
پیر 13 نومبر 2023 10:19
اسرائیل نے گولان کی پہاڑیوں کے زیادہ تر حصے پر قبضہ کر لیا تھا۔ فوٹو عرب نیوز
اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے گولان کی پہاڑیوں پر سرحد پار سے گولہ باری کے جواب میں شام کے اندر عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فورسز نے اتوار کو ٹیلی گرام میں بتایا گیا ہے کہ ہفتے کے روز داغے گئے توپ کے دو گولوں کے جواب میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ شام کی جانب سے پھینکے گئے گولےاسرائیلی علاقے میں گولان کی پہاڑیوں کے غیر آباد مقام پر گرے تھے جس کے بعد خطرے کے سائرن بجائے گئے۔
قبل ازیں اسرائیل فورسز کی جانب سے شام میں جمعہ کے روز بھی اہداف کو نشانہ بنایا گیاجب شام کے جنوبی قصبے ایلات میں اسرائیلی ڈرون سے ایک سکول پر حملہ کیا گیا۔
اسرائیل نے1967 کی چھ روزہ جنگ میں گولان کی پہاڑیوں کے زیادہ تر حصے پر قبضہ کر لیا تھا اور اس علاقے کو اپنی حدود میں ضم کر لیا تھا جسے اقوام متحدہ نے کبھی تسلیم نہیں کیا۔
لبنان سے ملحق سرحد کے قریب بھی بدستور اسرائیلی فائرنگ کے تبادلے کی خبریں مل رہی ہیں، اسرائیل فورسز اس علاقے میں بھی حماس کے خلاف جارحیت جاری رکھی ہوئی ہے۔