Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: تامل ناڈو کے نو دیہاتوں میں پرندوں کے تحفظ کے لیے ’خاموش دیوالی‘

یہ خاموش دیوالی تھی جس میں رنگ اور روشنیاں تو تھیں لیکن پٹاخوں کا شور نہیں تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں ہندوؤں کے روایتی تہوار دیوالی پر رنگ برنگی روشنیوں کے ساتھ آتش بازی بھی ہوتی ہے لیکن اس مرتبہ تامل ناڈو کے کچھ دیہاتوں میں منفرد طریقے سے یہ تہوار منایا گیا ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ریاست تامل ناڈو کے ضلع ایروڈ کے نو دیہاتوں کے مکینوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ وہاں قریب موجود جنگلی پرندوں کی پناہ گاہ کی وجہ سے آتش بازی نہیں کریں گے۔
یہ گاؤں ایروڈ سے 10 کلومیٹر کے فاصلے پر واڈاموگام کے آس پاس واقع ہیں۔
ہر سال اکتوبر اور جنوری میں اس علاقے میں ہزاروں مقامی اور نقل مکانی کرنے والے پرندے آتے ہیں ۔ پرندے یہاں انڈے دے کر انہیں سِیتے ہیں۔
دیوالی کا تہوار عموماً اکتوبر یا نومبر میں منایا جاتا ہے۔ اس سال بھی پرندوں کی اس پناہ گاہ کے قریب بسنے والے 900 سے زائد خاندانوں نے آتش بازی اور کریکر گولے نہ پھوڑ کر پرندوں کو محفوظ رکھنے کا فیصلہ کیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ افراد گزشتہ 22 برس سے پرندوں کے تحفظ کے لیے اس روایت کو منفرد انداز میں مناتے ہیں۔
گاؤں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے دیوالی کے موقعے پر اپنے بچوں کے لیے نئے کپڑے خریدے اور انہیں تہوار کے دوران صرف پھلجڑیاں چھوڑنے کی اجازت دی۔ پٹاخے پھوڑنا وہاں ممنوع قرار دیا گیا تھا۔
یہ ایک طرح سے خاموش دیوالی تھی جس میں رنگ اور روشنیاں تو تھیں لیکن پٹاخوں کا شور نہیں تھا۔
اس اقدام سے جہاں ان دیہاتوں کے رہائشیوں نے باوقار طریقے سے دیوالی کی خوشیاں منائیں وہیں ہزاروں پرندے بھی اپنی پناہ گاہوں میں بالکل محفوظ رہے اور گزشتہ دو دن میں پرندوں کے بارے میں کوئی منفی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

شیئر: